سدھارتھ شکلا کی موت: ممبئی پولیس نے ’حادثاتی موت‘ کا مقدمہ درج کرلیا

سدھارتھ شکلا کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز نے ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی اور مزید ٹیسٹ اور فرانزک تجزیے تجویز کیے ہیں— فوٹو: فائل
سدھارتھ شکلا کا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز نے ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی اور مزید ٹیسٹ اور فرانزک تجزیے تجویز کیے ہیں— فوٹو: فائل

بھارتی اداکار سدھارت شکلا کی اچانک موت پر ان کے مداح صدمے کی کیفیت میں ہیں اور اب تک ان کی موت کی حتمی وجہ بھی سامنے نہیں آئی ہے۔

2 ستمبر کو 40 سالہ سدھارتھ شکلا ممبئی میں اپنی رہائش گاہ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے اور جب انہیں اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹر نے بتایا کہ سدھارتھ کی موت اسپتال آنے سے قبل ہی ہوچکی تھی۔

ڈاکٹرز نے ابتدائی طور پر موت کی وجہ دل کا دورہ قرار دیا تاہم مقامی اسپتال میں جن 3 ڈاکٹروں نے اداکار کا پوسٹ مارٹم کیا انہوں نے اس کی رپورٹ جاری نہیں کی اور موت کی وجہ نہیں بتائی ہے۔

پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹرز نے موت کی وجہ کا تعین کرنے کے لیے مزید ٹیسٹ اور فرانزک تجزیے تجویز کیے ہیں جن کے نتائج آنے کے بعد ہی موت کی وجہ بتائی جاسکے گی۔

اب ممبئی پولیس نے سدھارتھ شکلا کی موت کا ’حادثاتی موت‘ کے طور پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ اگر سدھارتھ شکلا کی موت اسپتال میں ہوتی تو ڈاکٹرز اپنی رپورٹ میں موت کی وجہ لکھ دیتے لیکن چونکہ ان کی موت گھر پر ہوئی ہے اور ڈاکٹرز نے کوئی وجہ نہیں بتائی اس لیے مقدمے کا اندراج ضروری تھا۔

ممبئی پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی حتمی رپورٹ میں اگر موت کی وجہ دل کا دورہ پڑنا قرار پاتی ہے تو کیس بند کردیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سدھارتھ شکلا کو مبینہ طور پر نیند میں ہی دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کرگئے۔

مزید خبریں :