Time 07 ستمبر ، 2021
پاکستان

مزدور کو 25 ہزار تنخواہ نہیں دے سکتے: فیکٹری مالکان سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئے

کراچی: سندھ حکومت کی جانب سے مزدور کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کرنے کے خلاف فیکٹری مالکان عدالت پہنچ گئے۔

سندھ حکومت کی جانب سے مالی سال 2021-2022 کے بجٹ میں مزدور کی کم سے کم تنخواہ 25 ہزار روپے مقرر کی گئی تھی جس کے خلاف فیکٹری مالکان نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا ہے۔

فیکٹری مالکان نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ مزدور کو سندھ حکومت کی اعلان کردہ کم سے کم 25  ہزار تنخواہ نہیں دے سکتے  بلکہ 19 ہزار روپے دیں گے جس کے لیے  مزدوروں سے معاہدہ ہوگيا  ہے۔

فیکٹری مالکان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے 25 ہزار روپے تنخواہ مقرر کرنے کے لیے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے، خیبر پختونخوا حکومت کا 2014 میں ایسا ہی فیصلہ پشاور ہائیکورٹ نےکالعدم قراردے دیا تھا۔

دورانِ سماعت عدالت نے وکلا سے سوال کیا کہ کیا کراچی جیسے شہر میں 19 ہزار روپے تنخواہ مناسب ہے؟ 

بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :