Time 25 ستمبر ، 2021
پاکستان

کراچی: قربانی کے جانور خرید کر باؤنس چیک دینے والے کو 2 سال قید کی سزا

کراچی کی عدالت نے قربانی کے جانور خرید کر باوئنس چیک دینے کے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے ملزم کو دو سال قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت نے قربانی کے جانور خرید کر باؤنس چیک دینے کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر ملزم اسماعیل کو دو سال قید اور 40 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔

عدالت نے ملزم کی گرفتاری کا حکم دیا تو ملزم نے عدالت سے فرار ہونے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا اور ملزم کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرکے لاک اپ منتقل کردیا۔

مدعی مقدمہ شاہ زیب کے مطابق ملزم نے عید پر منڈی میں اس سے دو بڑے جانور خریدے تھے، ملزم نے دونوں جانوروں کا سودا 12 لاکھ روپے میں کیا اور 7 لاکھ روپے نقد جب کہ 5 لاکھ کا چیک دیا، ملزم نے جو چیک دیا وہ باؤنس ہوگیا تھا جس پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔

مزید خبریں :