27 ستمبر ، 2021
سندھ ہائیکورٹ میں سرجانی ٹاؤن میں پلاٹ پر قبضے سے متعلق توہین عدالت کیس کی سماعت ہوئی ہے۔
دوران سماعت سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ( ایس بی سی اے ) کے وکیل نے عدالت میں اپنے بیان میں کہا کہ تجاوزات نہیں گرا سکتے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نےکچی آبادی گرانے سے روکا ہے۔
جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ تجاوزات گرانے کا حکم سندھ ہائیکورٹ نے دیا، وزیراعلیٰ کیسے انکار کرسکتے ہیں؟ کیا وزیراعلیٰ سندھ قانون سے بالاتر ہیں؟
عدالت نے اپنے ریمارکس میں مزید کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ سندھ کو بلا لیتے ہیں۔
عدالت کے ریمارکس پر اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ ایس بی سی اے وکیل کا بیان حقائق کے منافی ہے، تمام تجاوزات گرا کر درخواست گزار کو قبضہ دے دیا ہے۔
بعد ازاں عدالت کی جانب سے ایس بی سی اے کے وکیل کو آئندہ غیر ذمہ دارانہ بیان دینے میں احتیاط کی ہدایت جاری کی گئیں۔