29 ستمبر ، 2021
اداکار عمر شریف کے ہمراہ ائیر ایمبولینس میں امریکا کا سفر کرنے والی ان کی اہلیہ زرین غزل کو جرمنی میں اسٹاپ اوور کے دوران کم از کم 4 گھنٹے نیورمبرگ ائیرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارنے پڑے۔
ائیر ایمبولینس کو کراچی سے روانگی کے بعد جرمنی کے نیورمبرگ ائیرپورٹ پر پہلا اسٹاپ اوور کرنا تھا، امریکا میں ان کے معالج ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق طویل سفر کے دوران عمر شریف کو بخار اور تھکاوٹ ہو جانے کی وجہ سے کمپنی نے اسٹاپ اوور طویل کرنے کا فیصلہ کیا اور مزید طبی معائنے کے لیے ائیر ایمبولینس کمپنی نے عمر شریف کو نیورمبرگ کے اسپتال میں داخل کیا۔
ائیر ایمبولینس میں عمر شریف کی ہمسفر ان کی اہلیہ زرین غزل کے پاس جرمنی کا ویزہ نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ ائیرپورٹ سے باہر نہیں جا سکتی تھیں اور اپنے شوہر کی اسپتال میں نگہداشت نہیں کر پا رہی تھیں، انہیں ہنگامی ویزے کے لیے پولیس سے رجوع کرنا پڑا۔
ویزے کے حصول کے طویل پراسیس کے دوران زرین غزل نے لگ بھگ 4 گھنٹے نیورمبرگ ائیرپورٹ کے قریبی تھانے میں گزارے، ضابطے کی طویل کارروائی کے بعد زریں غزل کو جرمنی کا ہنگامی ویزہ ملا تو وہ اپنے شوہر کے پاس اسپتال پہنچیں۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے زرین غزل نے بتایا کہ ائیر ایمبولینس عمر شریف کو لے کر بدھ کی صبح اگلی منزل آئس لینڈ کے لیے روانہ ہو گی۔