06 اکتوبر ، 2021
سابق ٹیسٹ کرکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اسکواڈ میں تبدیلی کرنے سے دنیا بھر میں ہمارا مذاق اڑے گا۔
لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر کرکٹ عاقب جاوید نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اب اگر ٹیم کا اعلان کر دیا ہے تو اسے بیک کریں ، میرا نہیں خیال کہ اسکواڈ میں تبدیلی ہو گی اور کرنی بھی نہیں چاہیے ، اگر ایسا کیا تو دنیا میں ہمارا مذاق اڑے گا، سات دن کی فارم پر کسی کی سلیکشن کے فیصلے مت کریں، یہ پہلے سوچتے کہ کون تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دو تین سال سے ہمارے ہاں سلیکشن کے عمل میں تسلسل نہیں رہا ہے اور اسی وجہ سے ٹیم یہاں پہنچی ہے، ٹیم اتنی بری نہیں تھی جتنا بنا دیا گیا ہے ، دو تین مرتبہ کھلاڑیوں کو ڈراپ کر کے واپس لایا گیا ہے جس کی وجہ سے ان میں اعتماد نہیں ہے۔
سابق کرکٹر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پہلا میچ بھارت کے خلاف ہے، اس میچ کو لے کر اگر جذباتی نہ ہو ئے تو یہ ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ضرور کچھ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
عاقب جاوید نے کہا کہ بورڈ کو چاہیے کہ کھلاڑیوں کو اعتماد دے، بورڈ واضح الفاظ میں پیغام دے کہ اس ٹیم میں کو ئی تبدیلی نہیں ہے ، اسے ہی بیک کرنا ہے، کھلاڑیوں اور لوگوں تک بورڈ کا یہ پیغام پہنچنا چاہیے ، پیغام دینے سے مائنڈ بنے گا کہ یہی ہماری ٹیم ہے اور سے ہم نے بیک کرنا ہے۔