Time 17 نومبر ، 2024
کھیل

حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا

حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا
آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی توئنٹی میں حارث رؤف نے 4 شکار کیے— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں اہم اعزاز اپنے نام کرلیا۔

ہفتے کو  تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 13 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

آسٹریلیا کے کپتان جوش انگلس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، کینگروز نے مقررہ 20 اووز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ 

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 4 اور عباس آفریدی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 آسٹریلیا کی جانب سے دیے گئے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 19.4 اوورز میں 134 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار بولنگ کرنے والے حارث رؤف نے اس میچ میں اہم سنگ میل بھی عبور کیا۔

میچ میں 4 وکٹیں لینے والے حارث رؤف مشترکہ طور پر پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بن گئے ہیں۔

حارث رؤف نے 72  ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں 107 وکٹیں لی ہیں، جو کہ مشترکہ طور پر  پاکستانی بولر کے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ شکار ہیں۔

قومی اسپنر شاداب خان بھی 96 اننگز میں 107 وکٹیں لے چکے ہیں۔

اس کے علاوہ  حارث کی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے میچ میں 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں، آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں کسی بھی غیر ملکی بولر  کے بہترین اعداوشمار ہیں۔

اس سے قبل یہ اعزاز سری لنکا کے نوان کلاسیکرا کے پاس تھا جنہوں نے  2017 میں آسٹریلیا میں 31 رنز دے کر 4 کھلاڑی آؤٹ کیے تھے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تیسرا ٹی ٹوئنٹی پیر کو کھیلا جائےگا۔  

مزید خبریں :