پاکستان
Time 10 نومبر ، 2021

'چارجڈ پارکنگ پرکوئی سہولت نہیں، بس گاڑی اُٹھائے جانے سے بچ جاتی ہے'

سندھ ہائی کورٹ میں وکیل بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) نے اعتراف کیا کہ چارجڈ پارکنگ  پر کوئی سہولت نہیں دیتے ، بس گاڑی اُٹھائے جانے سے بچ جاتی ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں چارجڈ پارکنگ کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی، عدالت کے استفسار  پرکے ایم سی کے وکیل نے بتایا کہ پارکنگ فیس لے رہے ہیں مگر کوئی سہولت نہیں دے  رہے، بس اتنا ہے کہ گاڑی اٹھائے جانے سے بچ جاتی ہے۔

اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ کوئی سہولت نہیں دے رہے تو کس بات کی فیس چارج کر رہے ہیں؟  ٹکٹ پر لکھا ہوتا ہے، مالکان گاڑی اپنی ذمہ داری پر کھڑی کریں، کم سے کم اپنی ذمہ داری تو ادا کریں ، پارکنگ فیس کے باوجود پارکنگ سے گاڑیاں چوری ہو جاتی ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نےکہا کہ پارکنگ والوں کی طرف سے اوور  چارجنگ کی جا رہی ہے،کم سے کم اسپتالوں کے باہر سے پارکنگ کی چارجز  وصولی سے روکا جائے ۔ 

عدالت نے ڈائریکٹر چارجڈ پارکنگ جنوبی کو طلب کرتے ہوئے درخواست کی مزید سماعت یکم دسمبر تک ملتوی کردی ۔

مزید خبریں :