13 نومبر ، 2021
پشاور میں ڈینگی سے بچاؤ کی ادویات کی قیمتوں میں جہاں دوگنا اضافہ ہوا ہے وہیں مارکیٹ میں ادویات بھی دستیاب نہیں ہیں جس کے باعث ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ چکی ہیں۔
پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد بتدریج بڑھ رہی ہے جبکہ ڈینگی بخار سے بچاؤ کی ادویات کی قیمتوں میں دو گنا اضافہ ہو چکا ہے اور اس پر مزید ستم ظریفی یہ کہ ادویات ناصرف مہنگی بلکہ مارکیٹ میں دستیاب بھی نہیں ہیں جس کے باعث ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
ڈینگی سے بچاؤ کی ادویات کی قیمتوں میں گزشتہ ایک ماہ کے دوران 10 سے 20 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ دوسری جانب ادویات فروشوں کا کہنا ہے کہ دوا ساز کمپنیوں کی جانب سے مارکیٹ میں ادویات سپلائی نہیں ہو رہیں۔
صدر میڈسن ایسوسی ایشن اورنگزیب کا کہنا ہے کہ تیز بخار میں استعمال ہونے والی 10 ٹیبلٹس کی قیمت 20 روپے سے بڑھ کر 30 روپے ہو گئی ہے جبکہ قے میں استعمال ہونے والی 10 ٹیبلٹس کی قیمت 100 روپے سے بڑھ کر 120 روپے تک پہنچ گئی ہے۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ڈینگی سے بچاؤ کی ادویات کی قیمتوں کو استحکام میں لانے اور اس کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے۔