10 دسمبر ، 2021
کراچی: سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس قادر شاہ نے کراچی گرین لائن کا کریڈٹ سابق وزیراعظم نوازشریف کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ گرین لائن پر بہت کام باقی ہے اور وزیراعظم افتتاح کس چیز کا کررہے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے اویس قادر شاہ نے کہا کہ اسد عمر کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس جھوٹ پر مبنی تھی، گرین لائن بس کے انفرااسٹرکچر میں بہت کام باقی ہے، یہ افتتاح کس چیز کا کررہے ہیں، پہلے پراجیکٹ مکمل کریں، آزمائشی طور پر چلا لیں پھر وزیراعظم سے افتتاح کرائیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت میں ارسطو بیٹھے ہیں جنہوں نے کل اتنا جھوٹ بولا، اورنج لائن کی بسوں کے لیے ادائیگی بھی ان کو کی جاچکی ہے مگر کل انہوں نے جھوٹ بولا، یہ وزیراعظم سے آج وہی کے سی آر والا ڈرامہ کرا رہے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ مجھے کل رات گرین لائن بس پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے کال آئی، کال کرنے والے نے یہ بھی نہیں بتایا کہ تقریب میں شرکت کے لیے کہاں آنا ہے، مجھے علم نہیں کہ افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کو دعوت دی گئی ہے یا نہیں، وزیراعظم کو آج آنا ہوتا تو سرکاری دعوت نامہ ملتا، میرا نہیں خیال کہ وزیراعظم آئیں گے، اسد عمر کے کہنے پر اگر وزیراعظم آتے ہیں تو پھر ان کی عقل کا اندازہ لگالیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گرین لائن پراجیکٹ کا کریڈٹ نوازشریف کو جاتا ہے جنہوں نے یہ پراجیکٹ شروع کیا۔
اویس شاہ کا کہنا تھا کہ ڈیزل ہائبرڈ 250 بسوں کے لیے ترک کمپنی سے معاہدہ ہوچکا ہے ، 250 بسوں میں سے 50 بسیں فروری تک پہنچ جائیں گی، دنیا بھر میں اس وقت لاجسٹکس کے مسائل آئے ہیں۔