نوازشریف کی واپسی کیلئے راستے نکالے اور سزا ختم ہونے کی باتیں ہورہی ہیں، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی واپسی کیلئے راستے نکالے جارہے ہيں، سزا ختم ہونے کی باتیں ہورہی ہیں، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے؟ نواز شریف کی سزا ختم کرنی ہے تو ساری جیلیں کھول دیں۔


وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

اجلاس سے خطاب میں  وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ اور  پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشی منانا حیران کن ہے ۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ترجمانوں کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات پر بات چیت کی گئی اس موقع پر معاون خصوصی برائے وزیراعلیٰ کے پی بیرسٹر سیف نے بلدیاتی الیکشن میں ووٹ حاصل کرنے سے متعلق ڈیٹا پیش کیا۔

ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف نے بریفنگ میں بتایا کہ ولیج کونسل کے نتائج میں بہتری کی امید ہے، الیکشن کمیشن کے نتائج کا انتظار کر رہے ہیں، ووٹوں کی تعداد کے مطابق تحریک انصاف کے پی میں مقبول ترین جماعت ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ ن لیگ اور  پیپلز پارٹی کا کے پی الیکشن سے متعلق خوشی منانا حیران کن ہے، نواز شریف کی سزا ختم ہونے سے متعلق قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، یہ کیسے ممکن ہے سزا یافتہ شخص کی سزا ختم ہو جائے، نواز شریف نے عوام کا پیسہ لوٹا اور باہر منتقل کیا، پانامہ میں نواز شریف کا نام آیا اور عدالت نے نااہل کیا، نواز شریف آج تک منی ٹریل بھی نہیں دے سکے، ایک مجرم کی سزا ختم کر کے کیسے چوتھی بار وزیراعظم بنایا جا سکتا ہے؟

وزیراعظم نے کہا کہ انہیں عدالتوں نے نااہل کیا ہے، ان کی سزا ختم کرنے کا کوئی اخلاقی جواز  نہیں، چھوٹے کیسز میں ملوث لوگ جیلوں میں پڑے ہیں، بڑے چوروں کیلئے راستے نکالنے کی باتیں ہورہی ہیں۔

وزيراعظم نے پارٹی ترجمانوں کو حکم دیا کہ وہ نواز شریف کی کرپشن اور نااہلی کا مزید پرچار کریں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کے پی بلدیاتی الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن کے نتائج کا انتظار ہے، حتمی نتائج آنے کے بعد تمام معاملات کا جائزہ لیں گے، تحریک انصاف کا ووٹر اور عوام ہمارے ساتھ کھڑی ہے۔

کے پی بلدیاتی الیکشن کے غیر حتمی نتائج

خیبر پختونخوا (کے پی) بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) تحصیل چیئرمین کی 18 اور سٹی میئر کی 3 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے، اے این پی نے میئر کی ایک اور تحصیل کونسل کی 5 نشستیں جیتیں، تحریک انصاف نے تحصیل چیئرمین کی 13، آزاد امیدوار 8، ن لیگ 3، جماعت اسلامی 2، پی پی اور تحریک اصلاحات کو ایک ایک نشست ملی جبکہ 9 تحصیلوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

مزید خبریں :