Time 28 دسمبر ، 2021
پاکستان

وفاقی حکومت کا نواز شریف کے ضمانتی شہباز شریف کیخلاف عدالت جانے کا فیصلہ

حکومت کا مؤقف ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کی ضمانت دی تھی لہٰذا اب ان کے واپس نہ آنے پر شہباز شریف کے خلاف عدالت میں جایا جائے گا، ذرائع— فوٹو: فائل
حکومت کا مؤقف ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کی ضمانت دی تھی لہٰذا اب ان کے واپس نہ آنے پر شہباز شریف کے خلاف عدالت میں جایا جائے گا، ذرائع— فوٹو: فائل

اسلام آباد: نواز شریف کے لندن سے واپس نہ آنے کو جواز بناکر وفاقی حکومت نے ان کے ضمانتی شہباز شریف کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حکومت کا مؤقف ہے کہ شہباز شریف نے نواز شریف کی وطن واپسی کی ضمانت دی تھی لہٰذا اب ان کے واپس نہ آنے پر شہباز شریف کے خلاف عدالت میں جایا جائے گا۔

خیال رہے کہ آج اپنی پریس کانفرنس میں وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری یہ کہہ چکے ہیں کہ نواز شریف آنہیں رہے لائے جا رہے ہیں، نواز شریف نے خود کبھی واپس نہیں آنا، حکومت واپس لے کر آئے گی۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےفواد چوہدری کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے ساتھ قانون پر کام کررہے ہیں، نواز شریف اگر خود جلد واپس نہیں آتے تو ہم نے برطانیہ سے معاملات حل کرلیے ہیں، نواز شریف کو قیدیوں کے تبادلے کے تحت ہم خود لائیں گے۔

نوازشریف کیس: کب کیا ہوا؟

  • 21 اور 22 اکتوبر 2019 کی درمیانی شب نواز شریف کی طبعیت خراب ہوئی اور اسپتال منتقل کیاگیا
  • 25 اکتوبر، چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیاد پر نواز شریف کی ضمانت منظور ہوئی
  • 26 اکتوبر،العزيزيہ ریفرنس میں انسانی بنیادوں پر نوازشریف کی عبوری ضمانت منظور ہوئی
  • 26 اکتوبر، نواز شریف کو ہلکا ہارٹ اٹیک ہوا، وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد نے تصدیق کی
  • 29 اکتوبر، العزيزيہ ریفرنس میں طبی بنیاد پر نوازشریف کی2 ماہ کے لیے سزا معطل کردی گئی۔
  • نوازشریف سروسزاسپتال سےڈسچارج ہوئے، جاتی عمرہ میں آئی سی یوبناکرمنتقل کیا گیا
  • 8 نومبر، شہباز شریف نے وزارت داخلہ کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دی
  • 12 نومبر ، وفاقی کابینہ نے نوازشریف کو باہر جانے کی مشروط اجازت دی
  • 14 نومبر ، ن لیگ نے انڈيمنٹی بانڈ کی شرط لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردی
  • 16 نومبر، لاہور ہائی کورٹ نے نواز شریف کوعلاج کےلیےبیرون ملک جانے کی اجازت دے دی
  • 19 نومبر 2019، نواز شریف علاج کیلئے لندن روانہ ہوگئے

مزید خبریں :