31 دسمبر ، 2021
کراچی میں سالِ نو پر ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدم قتل کے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کراچی میں سال نو کے جشن کے موقع پر شہر بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں ضلع ساؤتھ میں 2250 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ضلع جنوبی میں سخت سکیورٹی اقدامات کو حتمی شکل دے گئی ہے اور اس سلسلے میں زیادہ تر انتظامات کلفٹن اور ڈیفنس سب ڈویژن میں کیے گئے ہیں، پولیس سکیورٹی کو مجموعی طور پر 9 سیکٹرز پر بنایا گیا ہے، سمندر جانے والے راستوں پر ایک ہزار557 افسران واہلکار ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔
ایس ایس پی کے مطابق سال نو کے موقع پر ہوائی فائرنگ کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور فائرنگ کرنے والوں کے خلاف اقدم قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ ضلع جنوبی میں 6 پولیس لائنز ہیں اور تمام پولیس لائنز سے فائرنگ نہ کرنے کے سرٹیفکیٹ لیے گئے ہیں، کوئی پولیس اہلکار یا اس کا رشتے دار فائرنگ کرتے ہوئے پایا گیا تو اس کے خلاف بھی سخت کارروائی ہوگی۔
پولیس کے مطابق مختلف راستوں پر ناکے لگائے جارہے ہیں اور حساس مقامات کی چھتوں پر اہلکار تعینات ہوں گے جب کہ سی ویو پر ایس ایس یو کے اہلکار بھی تعینات کیے جارہے ہیں، تمام حساس مقامات پر نفری تعینات کی جارہی ہے اور بغیر سائلنسر کسی موٹر سائیکل کو نہیں چھوڑا جائے گا۔