Time 17 جنوری ، 2022
پاکستان

پریانتھا کمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں پہلی تنخواہ اور ایک لاکھ ڈالر امدادی رقم منتقل

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

 سیالکوٹ میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل ہونے والے سری لنکن فیکٹری منیجر پریانتھا کمارا کی بیوہ کو شوہرکے مرنےکے بعد ان کی پہلی تنخواہ اور  ایک لاکھ ڈالر ادا کردیے گئے۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے ٹوئٹر پر اپنی پوسٹ میں بتایا کہ جیسا کہ وزیراعظم نے اعلان کیا تھا اور پریانتھا کی کمپنی نے وعدہ کیا تھا، اس کے تحت  ایک لاکھ ڈالر کافنڈ (ایک کروڑ 75 لاکھ روپے) اور پہلی تنخواہ  1667 ڈالر (2 لاکھ 93 ہزارروپے) پریانتھا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں منتقل کردیےگئے ہیں۔

شہباز گل کا کہنا تھا کہ پریانتھا کی کمپنی نے وعدہ کیا ہےکہ وہ 10 سال تک ان کی بیوہ کو تنخواہ کی ادائیگی کرتی رہےگی۔

خیال رہےکہ 3 دسمبر 2021 کو سیالکوٹ میں گارمنٹ فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا تھا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز نے منیجر کو اوپر سے نیچے پھینک دیا اور پھر لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

واقعےکے بعد قتل میں ملوث 100 کے قریب افراد کو گرفتار کیا گیا تھا جن کے خلاف مقدمے کی کارروائی جاری ہے۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم  عمران خان نے اعلان کیا تھا کہ متاثرہ سری لنکن خاندان کو ماہانہ تنخواہ ملتی رہے گی۔وزیراعظم نے سیالکوٹ واقعے کو قوم کے لیے شرمندگی قرار دیا تھا۔

مزید خبریں :