Time 10 فروری ، 2022
پاکستان

پشاور: اولاد نرینہ کیلئے سر میں کیل ٹھکوانے سے متعلق کیس میں حیران کن انکشافات

پشاور میں جعلی عامل کے کہنے پر سر میں کیل ٹھکوانے والی خاتون کے معاملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سی سی پی او پشاور عباس احسن کے مطابق خاتون کے سر میں کیل ٹھوکنے کے واقعے کی تحقیقات کرنے والی پولیس کی انکوائری ٹیم نے متاثرہ خاتون کے خاندان تک رسائی حاصل کرلی ہے۔

سی سی پی او کا بتانا ہے کہ متاثرہ خاتون کے شوہر سے رابطہ ہو چکا ہے لیکن وہ شہر سے باہر ہے جسے پشاور بلا لیا گیا ہے۔

عباس احسن کا کہنا ہے کہ اسپتال رسید میں متاثرہ خاتون کی انٹری باز گل کے نام سے ہوئی لیکن خاتون اسپتال میں درج ایڈریس پر موجود نہیں ہے، ہو سکتا ہے کہ خاتون مبینہ طور پر کسی رشتے دار کے گھر میں ہو جس کی تلاش جاری ہے۔

سی سی پی او عباس احسن کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق خاتون کے تین بچے ہیں جن میں دو بیٹے ایک بیٹی شامل ہے اور جن کی عمریں بالترتیب 9 سال، 3 سال اور 2 سال ہیں۔

سی سی پی او کے مطابق واقعے کی مکمل اور شفاف انکوائری کی جا رہی ہے، آج کیس میں مزید اہم پیش رفت متوقع ہے۔

مزید خبریں :