15 فروری ، 2022
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے کورونا پابندیوں سےمتعلق نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق کراچی سمیت 6 شہروں کے علاوہ ملک بھر سے پابندیاں اٹھالی گئی ہیں۔
این سی او سی کے نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا کی 10 فیصد سے زائد شرح والے شہروں میں پابندیاں برقرار رہیں گی جن میں گلگت، مظفرآباد، مردان، کراچی، حیدرآباد اور پشاور بھی شامل ہیں۔
این سی او سی کے مطابق 10 فیصد سے کم کورونا مثبت والے علاقوں میں پابندیاں اٹھالی گئی ہیں جب کہ 10 فیصد مثبت شرح والے شہروں میں ان ڈور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی۔
این سی او سی کاکہنا ہے کہ کم شرح والے شہروں میں 300 افراد کے ساتھ ان ڈور تقریبات ہوسکیں گی اور آؤٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد شریک ہو سکیں گے۔
این سی او سی کے مطابق کم شرح والے علاقوں میں مکمل ویکسین شدہ افراد کو ان ڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی جب کہ 12 سال سے کم عمر بچوں کے تعلیمی ادارے کورونا ایس او پیز کے ساتھ کھلے رہیں گے۔