08 مارچ ، 2022
یوکرینی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہےکہ خارکیف میں لڑائی کے دوران سینیئر روسی کمانڈر بھی ہلاک ہوا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یوکرینی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہےکہ روسی فوج کے میجر جنرل وائٹیلی گیراسیموف خارکیف میں لڑائی کے دوران مارے گئے، ان کے ہمراہ دیگر افسر اور اہلکار بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق روس نے اس حوالے سے کوئی بیان جاری نہیں کیا، تاہم یہ کہا ہےکہ اگر ایسا ہوا تو یہ یوکرین میں اس رینک کے دوسرے افسر کی ہلاکت ہوگی۔
دوسری جانب امریکا نے دعویٰ کیا ہےکہ یوکرین کی حالیہ جنگ میں روس کے اب تک 2 سے4 ہزار فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔
امریکی خفیہ ایجنسی (ڈی آئی اے) کے سربراہ نےکانگریس کو بریفنگ میں بتایا ہےکہ یوکرین میں جنگ کے حوالے سے روس نے تخمینہ لگانے میں غلطی کی، روس کے تقریباً 2 ہزار سے 4 ہزار فوجی مارے گئے ہیں، اموات کی تعداد انٹیلی جنس سمیت مختلف ذرائع سے حاصل کی گئی ہے۔
ادھر برطانوی ملٹری انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ یوکرین کی جانب سے شدید مزاحمت روس کی پیش قدمی کو سست بنا رہی ہے۔
برطانوی ملٹری انٹیلی جنس کا کہنا ہےکہ یوکرین کی مزاحمت روس کو مسلسل حیران کر رہی ہے اور روس جواباً خارکیف اور ماریوپول میں زیادہ آبادی والے علاقوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔