14 مارچ ، 2022
مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز کے ترجمان کا کہنا ہےکہ آئندہ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز ہی ہوں گے۔
ماڈل ٹاؤن لاہور میں ترین گروپ سے ملاقات کے بعد میڈیا سےگفتگو میں حمزہ شہباز کے ترجمان عمران گورایہ کا کہنا تھا کہ ترین گروپ سے بڑی اچھی ملاقات رہی ہے، اللہ خیر کرےگا۔
عمران گورایہ کا کہنا تھا کہ حمزہ شہباز ہی اگلے وزیراعلیٰ پنجاب ہوں گے۔
خیال رہےکہ حمزہ شہباز ماڈل ٹاؤن لاہور میں جہانگیرترین کی رہائش گاہ پہنچے اور ترین گروپ کے اراکین سے سیاسی مستقبل پرگفتگو کی۔
ذرائع کے مطابق ترین گروپ کے اراکین کا کہنا تھا کہ وہ ذہنی طور پر حکومت سے علیحدگی کے لیے تیار ہیں، ہمیں آئندہ انتخابات میں ٹکٹوں کی یقین دہانی کرائی جائے، جہانگیر ترین جوفیصلہ کریں گے منظور ہوگا، مائنس بزدار میں ہم آپ کے ساتھ ہیں، تعاون طویل ہونا چاہیے۔
ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے مطابق ترین گروپ کے اراکین نے پنجاب کے معاملات پر مایوسی کا اظہارکیا اور عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کے عہدے سے ہٹانے پر اتفاق کیا۔