Time 22 مارچ ، 2022
پاکستان

ذیابیطس میں مبتلا ہونا روزے نہ رکھنےکا جواز نہیں، مفتی تقی عثمانی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی نےکہا ہےکہ ذیابیطس میں مبتلا ہونا رمضان کے روزے نہ رکھنے کا جواز نہیں، ماہرین کے مطابق ذیابیطس کے مرض میں مبتلا زیادہ تر افراد نہایت آسانی کے ساتھ رمضان کے روزے رکھ سکتے ہیں لیکن اس سلسلے میں انہیں ڈاکٹروں اور ماہرین صحت سے مشورہ ضرور کرنا چاہیے۔

کراچی میں انٹرنیشنل ڈائیبیٹیز اینڈ رمضان کانفرنس 2020 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ ماہرین صحت کی رائے اور جدید تحقیق سے ثابت ہوا ہےکہ ذیابیطس سمیت بلڈ پریشر اور موٹاپے میں مبتلا افراد آسانی سے روزے رکھ سکتے ہیں، بلکہ جدید تحقیق سے یہ بھی ثابت ہوا ہےکہ ذیابیطس اور اس طرح کے امراض میں مبتلا افراد کے لیے رمضان کے روزے رکھنا ان کی صحت کے لیے نہایت مفید ہے۔

مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا کہ چند لوگوں کو یہ غلط فہمی ہے کہ شریعت میں ہر طرح کی بیماری میں مبتلا افراد اور ہر طرح کے سفرکرنے والوں کو روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے، ان کا کہنا تھا کہ صرف وہ لوگ جنھیں روزہ رکھنے سےکسی جسمانی ضرر کا اندیشہ ہو انہیں ماہرین صحت کے مشورے کے بعد روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے اور وہ اس کی قضا ادا کرسکتے ہیں۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف ماہر صحت پروفیسر اعجاز وہرہ کا کہنا تھا کہ روزہ نہ صرف تزکیہ نفس کا ایک اہم ذریعہ اور جسمانی عبادت ہے بلکہ یہ انسانی صحت کے لیے انتہائی مفید عمل ہے، ذیابیطس کے مریضوں کو اپنے معالج کے مشورے سے روزے رکھنے چاہئیں جس کے نتیجے میں ان کی شوگر کا کنٹرول بہت بہتر ہو سکتا ہے۔

 پروفیسر اعجاز  وہرہ کا مزید کہنا تھا کہ روزے کی حالت میں شوگر چیک کرنے سے روزہ نہیں ٹوٹتا اور اگر کسی شخص کی شوگر 70 سے کم ہو جائے، دل کی دھڑکن بےترتیب ہو جائے، گھبراہٹ ہو اور پسینے آنا شروع ہوجائیں تو ایسے مریض کے لیے روزہ توڑنا جائز ہے۔

معروف ماہر ذیابیطس اور ڈائبیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری جنرل پروفیسر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ 2008 سے قبل 90 فیصد ماہرین صحت ذیابیطس میں مبتلا لوگوں کو روزہ نہ رکھنے کا مشورہ دیتے تھے جس کی وجہ سے اس مرض میں مبتلا اکثر لوگ اس اہم جسمانی روحانی عبادت سے محروم رہ جاتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ 2008 میں انہوں نے پروفیسر یعقوب کی مدد سے اس بات پر تحقیق شروع کی کہ کیا ذیابیطس میں مبتلا افراد روزے رکھ سکتے ہیں؟ جس کے بعد مقامی اور بین الاقوامی تحقیق سے ثابت ہوا کہ ذیابیطس سمیت کئی دیگر بیماریوں میں مبتلا افراد ماہرین صحت کے مشورے سے نہایت کامیابی کے ساتھ رمضان کے پورے روزے رکھ سکتے ہیں۔

رمضان اینڈ اسٹڈی گروپ کے سربراہ اور کانفرنس کے آرگنائزنگ سیکرٹری پروفیسر یعقوب کا کہنا تھا وہ پچھلے 14سال سے رمضان اور حج کے حوالے سے ذیابیطس کے مریضوں میں آگاہی پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اب تک آٹھ کانفرنسز منعقد کروا چکے ہیں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے کئی سالوں سے عوامی آگاہی کے پروگرامات سمیت ڈاکٹروں کی تربیت پر بھی توجہ دے رہے ہیں تاکہ ذیابیطس میں مبتلا مریضوں کو حج، عمرہ اور رمضان کی عبادات سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے لیے مدد فراہم کی جاسکے۔

دو روزہ بین الاقوامی ڈائبیٹیز اینڈ رمضان کانفرنس، بقائی انسٹی ٹیوٹ آف ڈائیبیٹولوجی اینڈ اینڈوکرائنولوجی اور ڈائبٹیز اینڈ رمضان انٹرنیشنل لائسنس کے تعاون سے منعقد کی جارہی ہے اور اس کانفرنس سے متحدہ عرب امارات کے پروفیسر ڈاکٹر محمد حسنین، لاہور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے وائس چانسلر پروفیسر جاوید اکرم، برطانیہ سے ڈاکٹر سلمہ مہر، ڈاکٹر سیف الحق اور  ڈاکٹر زاہد میاں سمیت دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔

مزید خبریں :