ایم این اے جام عبد الکریم کو معاف کرنےکے بعد ناظم جوکھیو کی بیوہ کا بیان سامنے آگیا

ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پیپلز پارٹی کے ایم این اے جام عبدالکریم کو مقتول کی بیوہ نے معاف کردیا۔ 

تحریک عدم اعتماد پرجام کریم کے ووٹ کے لیے ناظم جوکھیو قتل کیس کے ملزمان نے مقتول کے اہلخانہ کو منالیا ہے، ناظم جوکھیو کی بیوہ نے مرکزی ملزم  ایم این اے جام عبدالکریم اور ایم پی اے جام اویس کو معاف کردیا۔

ملزمان کے وکلا کا کہنا ہے کہ ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے مرکزی ملزمان جام عبدالکریم اورجام اویس کومعاف کردیا ہے، معافی نامہ اور معاہدہ جلد عدالت میں پیش کردیں گے۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے تین ملزمان سالار، دودو اور دھنی بخش کی ضمانت میں 11 اپریل تک توسیع کردی،  تینوں ملزمان ملیر کورٹ سے ضمانت منسوخی کے بعد فرار ہوگئے تھے، ضمانت منسوخی کے بعد ملزمان نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی تھی۔

ادھر  ناظم جوکھیو کی بیوی شیریں جوکھیو کی ویڈیو منظرعام پرآئی ہے جس میں شیریں جوکھیو کا کہنا ہے کہ میں نے فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے، اللہ بہتر فیصلہ کرے گا، میں نے کوئی پیسے نہیں لیے، جنہوں نے میرا ساتھ دیا میں ان کی شکر گزار ہوں، میں بہت مجبور ہوں میرے گھر والوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا، اپنے بچوں کی خاطر میں نے سب ملزمان کو چھوڑ دیا، میں مزید نہیں لڑ سکتی، میں کیس لڑنا چاہتی تھی لیکن میرے اپنوں نے ہی میرا ساتھ چھوڑ دیا۔

خیال رہےکہ ایم این اے جام عبدالکریم ناظم جوکھیو قتل کیس میں مفرور ہیں ، دبئی سے واپسی پر تحریک عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنےکے لیے جام کریم نے سندھ ہائی کورٹ سے حفاظتی ضمانت لے رکھی ہے جب کہ وفاقی حکومت نے جام کریم کی گرفتاری کا عندیہ دیتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل میں ڈال رکھا ہے۔

مزید خبریں :