کورونا ویکسین کی 90 خوراکیں لگوانے والا شہری پکڑا گیا

جرمنی میں میں ایک 61 سالہ نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر اپنے جسم میں کورونا ویکسین کی 90 خوراکیں لگوا لیں۔—فوٹو: فائل
جرمنی میں میں ایک 61 سالہ نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر اپنے جسم میں کورونا ویکسین کی 90 خوراکیں لگوا لیں۔—فوٹو: فائل

جرمنی میں  میں ایک 61 سالہ نامعلوم شخص نے مبینہ طور پر اپنے جسم میں کورونا  ویکسین کی 90 خوراکیں لگوا لیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس شخص کا 90 کورونا ویکسین لگوانے کا مقصد ایسے لوگوں کو ویکسینیشن سرٹیفکیٹ بیچ کر پیسہ کما نا تھا جو ویکسین نہیں  لگوانا چاہتے۔

رپورٹس کے مطابق مشرقی جرمنی کے شہر میگڈے برگ سے تعلق رکھنے والا شخص، جس کا نام جاری نہیں کیا گیا، مبینہ طور پر مشرقی ریاست سیکسنی کے مختلف ویکسینیشن مراکز میں  کئی مہینوں تک کووڈ 19 ویکسین کی 90 خواراکیں لگوانے میں کامیاب رہا، تاہم  آخر کار رواں ماہ وہ شخص پکڑا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق حکام نے جرمن شہری کو اس وقت پکڑا جب وہ مسلسل دوسرے دن سیکسنی کے ایلنبرگ میں ایک ویکسینیشن سینٹر میں آیا اور کووڈ 19 جاب لینے کی درخواست کی۔

اطلاعات کے مطابق مشتبہ شخص کو حراست میں نہیں لیا گیا لیکن اس سے بغیر اجازت کے ویکسی نیشن کارڈ جاری کرنے اور دستاویزات میں جعلسازی کے الزام میں تفتیش جاری ہے۔

رپورٹس کے مطابق یہ شخص کورونا ویکسین اس لیے لگواتا  رہا تاکہ ویکسین کے اصلی بیچ نمبر والے جعلی ویکسی نیشن کارڈ ان لوگوں کو بیچے جو خود ویکسین نہیں کروانا چاہتے۔

جرمن میڈیا کے مطابق حاصل کردہ معلومات کے مطابق 61 سالہ شخص کو دن میں تین بار تک ویکسین لگائی گئی تاہم  یہ واضح نہیں ہے کہ  ویکسین کی 90 خوراکیں طویل مدت کے بعد اس کے جسم پر کیا اثرات مرتب کرتی ہیں۔

اس کے علاوہ نامعلوم شخص نے ہمیشہ اپنے نام اور تاریخ پیدائش کا استعمال کرتے ہوئے ویکسینیشن اپائنٹمنٹس کے لیے رجسٹریشن کروائی لیکن اپائنٹمنٹس میں اپنا ہیلتھ انشورنس کارڈ کبھی پیش نہیں کیا۔

میڈیا کو دستیاب پولیس رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ جب بھی وہ شخص ویکسین لگوانے آتا تھا، وہ اپنے ساتھ ایک خالی  ویکسینیشن کے دستاویز لاتا تھا تاہم جیسے ہی وہ  ویکسین لگواکر فارغ ہوتا وہ ان پر سے سیریل نمبرزاور دیگر معلومات کو ہٹادیتا تھا۔

مزید خبریں :