14 اپریل ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف کی سربراہی میں بجلی لوڈ شیڈنگ کے معاملے پر اجلاس ہوا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے لوڈ شیڈنگ فوری ختم کرنے کے پلان کی تیاری کی ہدایت کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا پلان آج ہی تیار کر کے دے، پاور ڈویژن شاہد خاقان عباسی اور مصدق ملک سے مل کر لوڈشیڈنگ کے خاتمے پلان تیار کرے۔
وزیر اعظم کی ہدایت پر سیکرٹری پاور ڈویژن نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے پلان کی تیاری شروع کردی، نیشنل پاور کنٹرول سینٹر کے حکام پاور ڈویژن طلب کرلیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی اور دیگر متعلقہ حکام بھی پاور ڈویژن طلب کرلیے گئے ہیں۔