Time 27 اپریل ، 2022
پاکستان

کراچی یونیورسٹی دھماکا: حملہ آور خاتون کے خاندان کی تصدیق، اہم انکشافات

کراچی یونیورسٹی میں خودکش دھماکا  کرنے والی خاتون کے خاندان نے ان کے اپنے خاندان سے ہونے کی تصدیق کردی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے میزبان شاہزیب خانزادہ نے پروگرام میں تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں خودکش دھماکے کی ذمہ داری دہشتگرد علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی مجید بریگیڈ نے قبول کرلی ہے، تشویشناک بات ہے کہ پہلی دفعہ اس دہشتگرد جماعت کی طرف سے ایک خاتون کو خود کش حملہ آور کے طور پر استعمال کیا گیا۔

جیو نیوز کے نمائندے واجد بلوچ نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی میں خودکش حملہ آور خاتون کے خاندان کو خاتون کی سرگرمیوں کے بارے میں پتا نہیں تھا، خودکش حملہ آور خاتون کے خاندان نے مجید بریگیڈ کی طرف سے جاری تصویر کو کنفرم کردیا ہے کہ یہ خاتون ہمارے خاندان سے ہیں۔

واجد بلوچ کا کہنا تھا کہ جامعہ کراچی میں خودکش حملہ آور خاتون کے خاندان کے مطابق حملہ آور خاتون ڈیڑھ ماہ پہلے اپنی بہن کی شادی کیلئے کیچ آئی تھی، خاتون خودکش حملہ آور مزید تعلیم کیلئے 6 ماہ پہلے اپنے شوہر کے ساتھ کراچی شفٹ ہوئی تھی، خاتون ایم فل کررہی تھی جب کہ ان کے ڈاکٹر شوہر کوئی ڈپلومہ کررہے تھے۔

واجد  بلوچ نے مزید بتایا کہ خاتون کے خاندان کے دیگر افراد سرکاری عہدوں پر فائز ہیں، خاتون کے والد کچھ عرصہ پہلے تک بلوچستان یونیورسٹی تربت کے رجسٹرار رہے ہیں، ان کے ایک بھائی تحصیلدار جب کہ ایک بھائی ڈپٹی منیجر ہیں۔

مزید خبریں :