موٹرولا ریزر 3 کی پہلی جھلک سامنے آگئی

یہ 2020 کا موٹر ریزر فون ہے / فوٹو بشکریہ ٹیک راڈار
یہ 2020 کا موٹر ریزر فون ہے / فوٹو بشکریہ ٹیک راڈار

موٹرولا کے نئے فولڈ ایبل ریزر فون کے بارے میں ابھی یہ تو معلوم نہیں کہ اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا مگر اس کے بارے میں لیکس کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

موٹو ریزر 3 کی تصاویر لیک ہوئی ہیں جن سے فون کے ڈیزائن اور کچھ فیچرز کے بارے میں علم ہوتا ہے۔

اسمارٹ فونز کی تصاویر لیک کرنے کے حوالے سے معروف ٹوئٹر صارف ایون بلاس نے موٹو ریزر 3 کی تصاویر جاری کی ہیں۔

اس فولڈ ایبل فون کو کوڈ نام ماوین رکھا گیا ہے جس کا ڈیزائن سام سنگ کے گلیکسی زی فلپ 3 سے ملتا جلتا ہے۔

تصاویر سے عندیہ ملتا ہے کہ ریزر 3 میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جا رہا ہے جن میں سے ایک کیمرا ممکنہ طور پر 50 میگا پکسل جبکہ دوسرا 13 میگا پکسل کا ہوگا۔

اس بار فون میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جارہا ہے / فوٹو بشکریہ 91 موبائلز
اس بار فون میں ڈوئل کیمرا سیٹ اپ دیا جارہا ہے / فوٹو بشکریہ 91 موبائلز

اس سے قبل موٹرولا ریزر 2020 میں صرف ایک کیمرا دیا گیا تھا۔

اسی طرح یہ بھی نظر آتا ہے کہ اس بار باہر موجود سیکنڈری ڈسپلے پہلے سے بڑا ہے جبکہ فنگر پرنٹ سنسر پاور بٹن میں منتقل کیا جارہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریزر 3 میں ایف ایچ ڈی پلس ڈسپلے اور 32 میگا پکسل سیلفی کیمرا موجود ہوگا جبکہ اسنیپ ڈراگون 8 جین 1 پراسیسر سسٹم فون کا حصہ ہوگا۔

خیال رہے کہ موٹرولا نے سب سے پہلے 2019 میں فولڈ ایبل ریزر فون متعارف کرایا تھا جس کو 2020 میں 5 جی سپورٹ سے اپ ڈیٹ کیا تھا، مگر دونوں ماڈلز لوگوں کی زیادہ توجہ حاصل نہیں کرسکے تھے۔

مزید خبریں :