ریٹائر ہونے کے بعد بھی انٹرنیٹ ایکسپلورر کا استعمال کرنا ممکن

15 جون کو مائیکرو سافٹ کے آئیکونک براؤزر کا عہد ختم ہوجائے گا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ
15 جون کو مائیکرو سافٹ کے آئیکونک براؤزر کا عہد ختم ہوجائے گا / فوٹو بشکریہ مائیکرو سافٹ

مائیکرو سافٹ کے مشہور ویب براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کو 15 جون کو ریٹائر کیا جارہا ہے۔

یعنی 15 جون کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر  ڈیسک ٹاپ ایپ کا استعمال ممکن نہیں ہوگا بلکہ اس پر کلک کرنے پر ایج براؤزر اوپن ہوجائے گا۔

ویسے تو کمپنی نے فروری 2021 میں ہی مائیکرو سافٹ 364 ایپس کے لیے انٹرنیٹ ایکسپلورر سپورٹ ختم کردی تھی مگر اب جاکر اسے باضابطہ طور پر ریٹائر کیا جارہا ہے۔

مگر اب بھی اگر آپ اس براؤزر کو استعمال کرنا چاہتے ہیں تو اس کا ایک طریقہ موجود ہے جو خود کمپنی کی جانب سے بتایا گیا ہے۔

مائیکرو سافٹ ایج کے جنرل منیجر سین لینڈرسے نے کمپنی بلاگ میں 15 جون کو انٹرنیٹ ایکسپلورر کے عہد کے اختتام کا اعلان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ مائیکرو سافٹ ایج انٹرنیٹ ایکسپلورر کے مقابلے میں نہ صرف زیادہ تیز، زیادہ محفوظ اور جدید براؤزر ہے بلکہ یہ صارفین کو اس پرانے براؤزر کے استعمال کا تجربہ بھی فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مائیکرو سافٹ ایج میں انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ موجود ہے جس سے اس پرانے براؤزر کو کسی حد تک استعمال کیا جاسکتا ہے۔

مائیکرو سافٹ کے کرومیم پر مبنی اس نئے براؤزر میں انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ پر صارفین ان ویب سائٹس اور ویب ایپس کو اوپن کرسکیں گے جن کو صرف ایکسپلورر  ہی سپورٹ کرتا ہے۔

کمپنی کو توقع ہے کہ یہ ڈوئل انجن فیچر ایج کو دیگر براؤزرز کے مقابلے میں صارفین کے لیے زیادہ پرکشش بناسکے گا۔

مائیکرو سافٹ ایج میں انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی آسان ہے۔

پہلے ایج کو اوپن کریں اور اوپر دائیں جانب تھری ڈاٹ بٹن پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں۔

سیٹنگز میں بائیں جانب ڈیفالٹ براؤزر کے آپشن پر کلک کریں اور وہاں انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ کو allow کردیں۔

اس کے بعد ری اسٹارٹ بٹن پر کلک کرنے سے براؤزر دوبارہ اوپن ہوگا۔

اس آپشن کو ان ایبل کرنے کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ استعمال کرنے کے لیے پھر اوپر موجود تھری ڈاٹ بٹن پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں اور وہاں انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ پیجز میں اپنی پسند کی ویب سائٹس کے یو آر ایل کا اندراج کریں۔

اس کے بعد جب بھی آپ ان پیجز کو اوپن کریں گے وہ انٹرنیٹ ایکسپلورر موڈ پر اوپن ہوں گے۔

خیال رہے کہ مائیکرو سافٹ کئی برسوں سے اپنے براؤزر انٹرنیٹ ایکسپلورر کو ختم کرنے پر کام کر رہی تھی۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے 2015 میں مائیکرو سافٹ ایج کو متعارف کرایا گیا تھا جس کو زیادہ مقبولیت نہ ملنے پر اسے کرومیم پر مبنی سسٹم پر اپ گریڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :