24 جون ، 2022
ویڈیو اسٹریمنگ کے مقبول ترین پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے مزید 300 ملازمتیں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
موجودہ دور میں نیٹ فلکس کو دنیا کا سب سے مقبول ترین پلیٹ فارم سمجھا جاتا ہے لیکن حالیہ کچھ ماہ سے نیٹ فلکس کے صارفین کی تعداد میں مسلسل کمی ہو رہی ہے۔
رواں برس اپریل میں نیٹ فلکس کے سبسکرائبرز میں بڑی تعداد میں کمی ہوئی تھی جس کے بعد مئی میں نیٹ فلکس نے تقریباً 150 ملازمین کو فارغ کر دیا تھا۔
تاہم صارفین میں کمی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اب نیٹ فلکس نے مزید 300 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیٹ فلکس کی جانب سے صارفین کی تعداد بڑھانے کے لیے اشتہارات کی آزمائش کا آغاز بھی کیا جب کہ پاس ورڈ شیئر کرنے والوں پر کریک ڈاؤن کے ذریعے سبسکرائبر ز بڑھانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
تاہم اس کے باوجود نیٹ فلکس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکا میں 300 ملازمتیں (تقریباً 4 فیصد افرادی قوت ) ختم کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ روز کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہم اپنے کاروبار میں بھاری سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ ایڈجسٹمنٹ اس لیے کی ہے کہ ہماری آمدن میں کمی کے باعث ہماری لاگت مسلسل بڑھ رہی ہیں"۔
کمپنی کے اندازے کے مطابق رواں برس کے آغاز میں 2 لاکھ سبسکرائبرز کی کمی کے بعد جولائی تک اس کے سبسکرائبرز کی تعداد میں مزید 20 لاکھ کی کمی کا امکان ہے۔
اگرچہ نیٹ فلکس عالمی سطح پر 22 کروڑ سبسکرائبرز کے ساتھ سب سے آگے ہے لیکن حالیہ برسوں میں ڈزنی پلس، ایچ بی او اور ایمازون پرائم جیسے حریف پلیٹ فارمز کی آمد کے ساتھ اسے سخت مقابلے کا سامنا ہے۔
دوسری جانب کمپنی نے حال ہی میں امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک میں صارفین کی فیس میں بھی اضافہ کیا ہے۔