Time 26 جون ، 2022
پاکستان

سندھ: پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 21 ہزار امیدوار ہیں/ فائل فوٹو
سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 21 ہزار امیدوار ہیں/ فائل فوٹو 

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلےمیں پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں 21 ہزار امیدوار ہیں جب  کہ الیکشن کے لیے 9 ہزار  پولنگ اسٹیشن قائم کیےگئے ہیں ۔

صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، پولنگ کا دورانیہ ان پولنگ اسٹشینوں پر بڑھایا گیا ہے جہاں پولنگ کا عمل کسی  وجہ سے رک گیا  تھا، پولنگ کا اتنا دورانیہ اتنا بڑھایا گیا ہے جتنی دیر وہاں پولنگ رکی رہی۔

 ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ رہنما پیپلز پارٹی تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر سے پولنگ کا وقت 2 گھنٹے بڑھانے کی درخواست کی تھی، تاج حیدر نے ووٹرز کو شام 7 بجے تک پولنگ کی اجازت کی درخواست کی تھی۔

لاڑکانہ ڈویژن کے 5 اضلاع جیکب آباد، کشمور، شکار پور، لاڑکانہ اور شہداد کوٹ کے عوام نے آج اپنے بلدیاتی نمائندے منتخب کرنے کے لیے ووٹ کاسٹ کیا۔

سکھر ڈویژن کے 3 اضلاع خیر پور، سکھر اور گھوٹکی، شہید بے نظیر آباد ڈویژن کے 3 اضلاع شہید بے نظیر آباد، سانگھڑ، نوشہرو فیروز اور میرپور خاص ڈویژن کے 3 اضلاع میر پور خاص، عمر کوٹ اور تھر پارکر میں بھی پولنگ ہوئی۔

مختلف ڈویژن سے ایک ہزار سے زائد امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے فوج اور رینجرز کے اہلکار تمام حلقوں میں گشت کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :