پاکستان
Time 01 جولائی ، 2022

زین قریشی کے الیکشن پوسٹر پر سدھو موسے والا کی تصویر کا قصہ کیا ہے؟

سدھو موسے والا کی تصویر پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ملتان کے حلقے پی پی 217 سے پی ٹی آئی کے امیدوار اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کے پوسٹر پر شائع ہوگئی/ فوٹو سوشل میڈیا
سدھو موسے والا کی تصویر پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ملتان کے حلقے پی پی 217 سے پی ٹی آئی کے امیدوار اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کے پوسٹر پر شائع ہوگئی/ فوٹو سوشل میڈیا

بھارت کے حال ہی میں قتل کیے جانے والے پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کی تصویر ملتان میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں آویزاں پوسٹر پر دیکھی گئی۔

سدھو موسے والا کی تصویر پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں ملتان کے حلقے پی پی 217 سے پی  ٹی آئی کے امیدوار اور شاہ محمود قریشی کے بیٹے زین قریشی کے پوسٹر پر شائع ہوگئی۔

 اس تصویر نے سدھو کے مداحوں کو تشویش میں مبتلا کردیا اور یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل تصویر پر مداحوں کی جانب سے مختلف تبصروں کا سلسلہ جاری ہے۔

وائرل پوسٹر  پی ٹی آئی کے ملتان کے حلقے پی پی 217 سے امیدوار زین قریشی کی الیکشن مہم کا ہے جس میں زین قریشی کے ساتھ پوسٹر پر سدھو موسے والا کے سپر ہٹ گانے ’295‘ کا حوالہ دیتے ہوئے گلوکار کی تصویر بھی شائع کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پوسٹر پر زین قریشی کی تصویر کے ہمراہ پی ٹی آئی کے چند عہدیداران کے نام اور تصویریں شائع ہیں۔

پوسٹر پر اپنے ساتھ سدھو موسے والا کی تصویر وائرل ہونے پر بی بی سی سے گفتگو کرتے ہوئے زین قریشی نے لاعلمی کا اظہار کیا۔

لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ جس نے بھی سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اس کا شکریہ ادا کرتا ہوں کیونکہ اس تصویر کی وجہ سے پوسٹر بہت زیادہ وائرل ہوگیا تاہم اس سے پہلے ہمارا کوئی پوسٹر اتنا وائرل نہیں ہوا۔

زین قریشی کا کہنا  تھا کہ وہ یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ کس نے سدھو موسے والا کی تصویر پوسٹر پر چھپوائی اور اس کے پیچھے کی وجہ کیا ہے۔ 

مزید خبریں :