پاکستان
Time 02 جولائی ، 2022

فرح گوگی کو 10 ایکڑ پلاٹ کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر 2 افراد گرفتار

فیڈمک کے سابق سی ای او رانا یوسف اور سیکریٹری اسپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد کو گرفتار کیا گیا ہے: اینٹی کرپشن/ فائل فوٹو فرح گوگی
فیڈمک کے سابق سی ای او رانا یوسف اور سیکریٹری اسپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد کو گرفتار کیا گیا ہے: اینٹی کرپشن/ فائل فوٹو فرح گوگی

سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کو فیصل آباد اکنامک زون میں 10 ایکڑ انڈسٹریل پلاٹ کی غیرقانونی الاٹمنٹ کے معاملے پر اینٹی کرپشن نے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ فیڈمک کے سابق سی ای او رانا یوسف اور سیکرٹری اسپیشل اکنامک زون کمیٹی مقصود احمد کو گرفتار کیا گیا ہے،ملزمان پر فرح گوگی اور ان کی والدہ کی کمپنی کو غیرقانونی طور پر انڈسٹریل پلاٹ دینے کا الزام ہے۔

حکام کے مطابق ملزمان نے فیصل آباد اسپیشل اکنامک زون میں قیمتی انڈسٹریل پلاٹ کوڑیوں کے بھاؤ الاٹ کیا، 60 کروڑ مالیت کا پلاٹ صرف 8 کروڑ 30 لاکھ روپےجعلی کمپنی بناکر الاٹ کروایا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ انڈسٹریل پلاٹ لینے کے لیے کمپنی کی ویلیو 2 ارب روپے ہونی چاہیے تھی، فرح گوگی کے شوہر احسن جمیل گجر نے 2 ارب روپے کی جعلی گارنٹی دی۔

حکام کےمطابق اینٹی کرپشن فرح گوگی اور احسن جمیل گجر کے اثاثوں کی چھان بین بھی کر رہی ہے، گرفتار دونوں ملزمان کے خلاف اینٹی کرپشن فیصل آباد میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :