پاکستان
Time 02 جولائی ، 2022

دعا زہرا اغوا کیس کا تفتیشی افسر تبدیل کرنے کی درخواست مسترد

دعا زہرا کی عمر کا تنازع تاحال میڈیکل بورڈ کے پاس زیر التواء ہے: عدالت—فوٹو فائل
دعا زہرا کی عمر کا تنازع تاحال میڈیکل بورڈ کے پاس زیر التواء ہے: عدالت—فوٹو فائل

کراچی سے لاہور جاکر رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی دعا زہرا کے کیس کا تفتیشی افسرتبدیل کرنے کی درخواست عدالت نے مسترد کردی۔

کراچی کی عدالت نےتفتیشی افسر کی تبدیلی کے لیے دعا کے والد مہدی کاظمی کی درخواست پرفیصلہ سنایا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ پولیس کےجمع کرائے گئے چالان پر تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا ، اگر کیس کا چالان منظور ہو بھی جائے تو درخواست گزار کے پاس اپیل کا حق ہے۔

عدالت کے مطابق دعا زہرا کی عمر کا تنازع تاحال میڈیکل بورڈ کے پاس زیر التواء ہے۔

دوسری جانب ذرائع کے مطابق عدالتی حکم کی روشنی میں میڈیکل کے سلسلے میں دعا زہرا کو آج ایک دن کے لیے لاہور سے کراچی لائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ دعا زہرا کو آج میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کیے جانے کا بھی امکان ہے، عدالتی حکم پر عمر کے تعین کے لیے دعازہرا کے مختلف ٹیسٹ اور ایکسرے کیے جائیں گے جب کہ دعا کے پیدائشی سرٹیفکیٹس اور دیگر دستاویزات بھی چیک کی جائیں گے۔

کراچی کی مقامی عدالت نے 25 جون کو جاری کیے جانے والے فیصلے میں دعا زہرا کے میڈیکل کے لیے بورڈ بنانے کا حکم دیا تھا جس کے بعد پولیس ٹیم دعا کو لینے لاہور پہنچی تھی۔

خیال رہے کہ دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کے وکیل جبران ناصر نے سیشن عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ موجودہ تفتیشی افسر کا رویہ جانبدارانہ نظر آتا ہے، مدعی مقدمہ مہدی کاظمی اور اہل خانہ کو موجودہ تفتیشی افسر پر اعتماد نہیں، اہلخانہ کو شبہ ہے کہ تفتیشی افسر عمر کے تعین کے لیے دعا زہرا کو پیش نہ کرے۔

مزید خبریں :