پاکستان
Time 05 جولائی ، 2022

الزامات بے بنیاد ہیں، والدہ کی خراب صحت کی وجہ سے پاکستان آیا: بابر غوری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر بابر غوری کا کہنا ہےکہ میری والدہ کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی جس وجہ سے پاکستان آیا ہوں، میرے خلاف تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔

کراچی میں عدالت کے باہر میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے بابر غوری کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں معلوم تھا کہ مجھ پر یہ مقدمہ ہے،  پاکستان میں نہیں تھا اس وقت مجھ پر یہ کیس بنایا گیا ہے۔

بابر غوری کا کہنا تھا کہ عدالتوں پر بھروسہ ہے، اگر الزامات میں سچائی ہوتی تو واپس نہ آتا۔

خیال رہےکہ سابق وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ بابر غوری کو گزشتہ روز دبئی سے وطن واپسی پرکراچی ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔

آج پولیس نے بابر غوری کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج کے روبرو پیش کیا، اس موقع پر عدالت کے اطراف سکیورٹی کے سخت انتظامات کیےگئے۔

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے بابر غوری کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

پولیس بابر غوری کو موبائل کی فرنٹ سیٹ پر بٹھا کر لائی جب کہ انہیں ہتھکڑی بھی نہیں لگائی گئی تھی۔

پولیس نے انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ بابرغوری پر اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کا الزام ہے اور ملزم کے خلاف سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

دوسری جانب بابر غوری کی بیٹی نے والد کی گرفتاری کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائرکی ہے۔

بابر غوری کے وکیل بیرسٹر شبیر شاہ کا کہنا تھاکہ بابرغوری کےخلاف جو مقدمات سامنے آئے تھے ان میں حفاظتی ضمانت کروالی تھی۔

سندھ ہائی کورٹ نے نیب ریفرنس اور منی لانڈرنگ کیس میں بابر غوری کی حفاظتی ضمانت میں 9 دن کی توسیع کرتے ہوئےانہیں 9 دن کے اندر ٹرائل کورٹ سے رجوع کرنے کی ہداہت کی ہے، عدالت نے نیب اور ایف آئی اے کو بابر غوری کو گرفتار کرنے سے بھی روک دیا ہے۔

مزید خبریں :