Time 06 جولائی ، 2022
پاکستان

آمنہ مسعود کے الزامات پر سابق چیئرمین نیب پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں طلب

جاوید اقبال نے لاپتا افراد کے کمیشن میں آنے والی خاتون کو کہا کہ آپ اتنی خوبصورت ہیں شادی کی کیا ضرورت ہے؟ نور عالم خان— فوٹو: فائل
جاوید اقبال نے لاپتا افراد کے کمیشن میں آنے والی خاتون کو کہا کہ آپ اتنی خوبصورت ہیں شادی کی کیا ضرورت ہے؟ نور عالم خان— فوٹو: فائل

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) میں سابق چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) جاوید اقبال پر خاتون آمنہ مسعود جنجوعہ کے الزام کی گونج سنائی دی۔

کمیٹی کے چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ جاوید اقبال نے لاپتا افراد کے کمیشن میں آنے والی خاتون کو کہا کہ آپ اتنی خوبصورت ہیں شادی کی کیا ضرورت ہے؟

کمیٹی کے ارکان نے سابق چیئرمین نیب پر عائد الزام کا سخت نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جس کے بعد کل سابق چیئرمین نیب کو طلب کرلیا گیا۔

اس سے پہلے سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال اور  طیبہ گل کے مبینہ ویڈیو اسکینڈل کی تحقیقات کیلئے بھی چیئرمین پی اے سی نے جاوید اقبال اور طیبہ گل کوپی اے سی میں بلانے کا امکان ظاہر کیا تھا اور کہا تھا کہ معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

کمیٹی چیئرمین نور عالم خان نے کہا کہ نیب نے بریف کیوں نہیں بھیجا کل میٹنگ ہے، سابق چیئرمین نیب کہہ رہے ہیں کہ وہ عید منانے کیلئے جارہے ہیں، ان کو کہا ہے کل کی میٹنگ میں حاضر ہوں، کچھ لوگ اپنے آپ کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔

نور عالم خان نے کہا کہ آمنہ مسعود جنجوعہ نے سابق چیئرمین نیب کے بارے میں بات کی ہے، آمنہ جنجوعہ نے بتایا کہ چیئرمین نیب نے لاپتہ افراد کے کمیشن میں آنے والی ایک خاتون کو کہا کہ آپ اتنی خوبصورت ہیں شادی کی کیا ضرورت ہے، ہم سب کی بیٹیاں ہیں، اس معاملے کو بہت سیریس لینا چاہیے۔

مزید خبریں :