پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین کے خلاف نیٹ فلکس کا نیا اقدام

اس کی آزمائشی 5 ممالک میں کی جائے گی / فائل فوٹو
اس کی آزمائشی 5 ممالک میں کی جائے گی / فائل فوٹو

مقبول ویڈیو اسٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس نے اکاؤنٹ پاس ورڈ شیئر کرنے والے صارفین سے اضافی فیس وصول کرنے کے لیے نئے اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔

اس حوالے سے 5 لاطینی امریکی ممالک میں ایک ٹیسٹ اگست سے شروع کیا جارہا ہے جس کے تحت دوسروں سے پاس ورڈ شیئر کرنے والوں سے کہا جائے گا کہ وہ ہر اضافی گھر پر فیس ادا کریں۔

کمپنی کو توقع ہے کہ اس طرح وہ نیٹ فلکس اکاؤنٹ شیئر کرنے والوں سے اضافی آمدنی حاصل کرسکے گی۔

ارجنٹینا، ایل سیلواڈور، گوئٹے مالا، ہونڈراس اور ڈومینکن ریپبلک میں اگر کسی صارف کا اکاؤنٹ اس کی رہائش گاہ سے باہر مختلف مقامات پر 2 ہفتوں سے زیادہ استعمال ہوگا تو کمپنی کی جانب سے اضافی فیس ادا کرنے کا مطالبہ کیا جائے گا۔

اس تبدیلی سے موبائل ڈیوائسز جیسے اسمارٹ فونز، ٹیبلیٹس یا لیپ ٹاپ پر نیٹ فلکس استعمال کرنے والے متاثر نہیں ہوں گے اور نہ ہی اس کا اطلاق تعطیلات منانے کے لیے شہر سے باہر جانے والے صارفین پر ہوگا۔

ہر صارف سے ایک اضافی گھر پر 3 ڈالرز کی اضافی فیس لی جائے گی۔

نیٹ فلکس کے مطابق دنیا بھر میں 10 کروڑ سے زیادہ گھرانے ان اکاؤنٹس کو استعمال کرتے ہیں جن کی ادائیگی دیگر افراد کرتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ پاس ورڈ شیئرنگ اس کے سبسکرائبرز کی تعداد میں کمی کی بڑی وجہ ہے۔

خیال رہے کہ 2022 کی پہلی سہ ماہی کے دوران کمپنی کو 2 لاکھ صارفین سے محروم ہونا پڑا تھا جبکہ دوسری سہ ماہی میں یہ تعداد 20 لاکھ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

نیٹ فلکس کے ایک عہدیدار کے مطابق آج اکاؤنٹ شیئرنگ کے باعث ہماری سرمایہ کاری اور سروس کو بہتر بنانے کی صلاحیت متاثر ہورہی ہے۔

اس سے قبل مارچ 2022 میں بھی نیٹ فلکس نے اسی طرح پاس ورڈ شیئرنگ روکنے کے لیے ایک مہم کا اعلان کیا تھا۔

اس وقت کمپنی نے کہا تھا کہ اگر کسی صارف نے اپنے اکاؤنٹ کا پاس ورڈ کسی دوست یا جاننے والے کو استعمال کے لیے دیا تو جس کے نام پر اکاؤنٹ ہے اسی سے اضافی فیس وصول کی جائے گی۔

نیٹ فلکس نے اس وقت کہا تھا کہ اضافی فیس کا آپشن آئندہ کچھ دنوں میں فراہم کیا جائے گا اور پھر اپنا اکاؤنٹ دوسروں سے شیئر کرنے والوں کو فیس بھرنی پڑے گی ، بصورتِ دیگر ان کے اکاؤنٹس بند کردیے جائیں گے۔

مزید خبریں :