فیس بک کا کووڈ سے متعلق گمراہ کن مواد نہ ہٹانے کا فیصلہ

اس حوالے سے حتمی فیصلہ کچھ عرصے بعد کیا جائے گا / فائل فوٹو
اس حوالے سے حتمی فیصلہ کچھ عرصے بعد کیا جائے گا / فائل فوٹو

فیس بک کی جانب سے کووڈ 19 سے متعلق جعلی یا گمراہ کن پوسٹس کو ڈیلیٹ نہ کرنے کا عندیہ دیا گیا ہے۔

میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایسی پوسٹس کو ڈیلیٹ کرنے کی بجائے ان پر لیبل لگادیا جائے گا یا انہیں زیادہ صارفین تک رسائی نہیں دی جائے گی۔

میٹا کی جانب سے اس حوالے سے حتمی فیصلے سے قبل رائے لینے کے لیے فیس بک کے خودمختار اوور سائیٹ بورڈ سے رجوع کیے جانے پر غور کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ فیس بک نے 2020 کے شروع میں دنیا میں کورونا وائرس کے پھیلنے کے بعد اس حوالے سے نقصان دہ پوسٹس پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

اس وقت کمپنی کا کہنا تھا کہ اس طرح کی جعلی یا گمراہ کن پوسٹس سے لوگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

2020 کے اختتام پر کووڈ ویکسینز متعارف کرانے پر فیس بک نے اس پالیسی کو اپ ڈیٹ کیا تاکہ ویکسینیشن کے حوالے سے گمراہ کن پوسٹس کی روک تھام کی جاسکے۔

میٹا کے مطابق ڈھائی کروڑ پوسٹس کو کورونا وائرس کی آغاز سے اب تک ڈیلیٹ کیا جاچکا ہے۔

مگر اب کمپنی کی جانب سے پالیسی پر نظرثانی پر غور کیا جارہا ہے اور اوور سائیٹ بورڈ کی رائے سے اس کا آغاز ہورہا ہے۔

میٹا کا اوور سائیٹ بورڈ مختلف تھنک ٹینکس اور یونیورسٹیوں کے ماہرین پر مشتمل ہے، البتہ اس معاملے پر بورڈ کی رائے کو ماننا کمپنی پر فرض نہیں ہوگا۔