موٹر سائیکل میں پیٹرول ناکافی ہونے پر شہری کا چالان ہوگیا

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

اگر آپ موٹر سائیکل چلاتے ہیں تو کبھی نہ کبھی ٹریفک پولیس اہلکاروں نے ہیلمٹ نہ پہننے، سگنل توڑنے یا پھر دیگر قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر  آپ کا چلان ضرور کیا ہوگا۔

لیکن  آج ہم آپ کو ایک ایسے عجیب اور منفرد چالان کے بارے میں بتارہے ہیں جس کے بارے میں شاید آپ نے پہلے کبھی نہیں سنا ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق 22 جولائی کو بھارتی ریاست کیرالہ میں باسل صیام نامی شہری کا موٹر سائیکل میں کم  پیٹرول ہونے کے باوجود سفر کرنے پر چلان ہوگیا۔ 

فوٹو: صیام فیس بک
فوٹو: صیام فیس بک

صیام  نے کیرالہ ٹریفک پولیس کی جانب سے کیےگئے ای چالان کی تصویر  فیس بک  پر پوسٹ کی اور دیکھتے ہی دیکھتے وہ وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا نے جب صیام سے رابطہ کیا تو انہوں  نے بتایا کہ وہ  آفس  جا رہے تھے جب ایک مقامی ٹریفک پولیس اہلکار نے انہیں سڑک پر مخالف سمت میں موٹر سائیکل چلانے کی وجہ سے  روکا اور چالان کی مد میں ڈھائی سو روپے دینے کو کہا۔

صیام کا کہنا ہے کہ میں نے جلدی میں رقم دے دی لیکن جب میں آفس  پہنچا اور چالان پر غور کیا تو حیران رہ گیا کیوں کہ میرا چالان موٹر سائیکل میں پیٹرول ناکافی ہونے کے باوجود سفر کرنے کی وجہ سے کیا گیا۔ 

چالان کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد مقامی خبر رساں اداروں اور صارفین نے اس واقعے کے بارے میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انڈین موٹر وہیکل ایکٹ یا ریاستی قانون میں ایسی کوئی شق نہیں ہے جس میں عام شہری کو ایندھن ناکافی ہونے پر اپنی گاڑی چلانے سے منع کیا جائے۔

البتہ کیرالہ کے ٹرانسپورٹ قوانین میں صرف ایندھن سے متعلق ایک جرم کا ذکر ہے جس کے مطابق اگر کمرشل گاڑی(  وین، کار، بس اور آٹو رکشا)  میں مسافروں کو منزل تک پہنچانے سے پہلے ایندھن ختم ہوجائے تو ڈرائیور یا اس کے مالک کو  250 روپے جرمانہ ادا کرنا ہوتا ہے۔

مزید خبریں :