Time 16 اگست ، 2022
پاکستان

بطور پارٹی سیکرٹری جنرل میرے پاس نوازشریف کی وطن واپسی کی اطلاع نہیں: احسن اقبال

عمران خان امریکا کو صبح گالی دیتے ہیں اور شام کو گلدستہ بھیجتے ہیں: وفاقی وزیر کی جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو__فوٹو فائل
عمران خان امریکا کو صبح گالی دیتے ہیں اور شام کو گلدستہ بھیجتے ہیں: وفاقی وزیر کی جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو__فوٹو فائل

اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال نے نواز شریف  کی وطن واپسی سے متعلق جاوید لطیف کے دعوے  پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے میرے پاس نواز شریف کی وطن واپسی کی کوئی معلومات نہیں البتہ جاوید لطیف کے پاس کوئی خاص معلومات ہوں تو مجھے علم نہیں۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پنجاب حکومت ملک میں بدامنی پیدا کر رہی ہے، اس صورت حال کے لیے آئین میں کچھ شقیں موجود ہیں مگر ہم وہ استعمال نہیں کرنا چاہتے، پرویز الہٰی کو پتا ہوگا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی حدود کیا ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی صاحب بوکھلا گئے ہیں، ثبوت سامنے آئیں گے تو عوام کو پتا چلے گا کہ عمران خان کیسے فارن فنڈنگ لے کر انتشار پھیلاتے رہے، عمران خان نے خود کو ایک ناقابل اعتبار لیڈر ثابت کیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران نے اپنے 4 سالہ دور میں قوانین بلڈوز کرائے، مخالفین کو پکڑ پکڑ کر جیلوں میں ڈالتے رہے، سی پیک تباہ کیا، کشمیر پر سرینڈر کیا اور معیشت تباہ کی، عمران خان پاکستان کو حقیقی غلامی میں پھینک کر چلے گئے تھے، سیاسی میدان سجے گا تو عمران خان کو 4 سالوں کا حساب دینا ہوگا۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ عمران خان امریکا کو صبح گالی دیتے ہیں اور  شام کو گلدستہ بھیجتے ہیں۔

جاوید لطیف کے بیان پر انہوں نے کہا کہ پارٹی سیکرٹری جنرل کی حیثیت سے میرے پاس نواز شریف کی وطن واپسی کی کوئی معلومات نہیں، جاوید لطیف کے پاس کوئی خاص معلومات ہوں تو مجھے علم نہیں۔

مزید خبریں :