Time 23 اگست ، 2022
پاکستان

سندھ میں بلدیاتی انتخابات، بیشتر ڈپٹی کمشنرز نے الیکشن ملتوی کرنےکی سفارش کردی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سندھ میں 28 اگست کو بلدیاتی انتخابات ہوں گے یا نہیں، فیصلہ الیکشن کمیشن کرے گا، صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے، ذرائع کے مطابق بیشتر ڈپٹی کمشنرز نے الیکشن ملتوی کرنےکی سفارش کی ہے۔

صوبائی الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام کا ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس ہوا۔

الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق اجلاس میں بارشوں کے باعث سندھ کی ابتر صورت حال کا جائزہ لیا گیا اور  بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے حیدرآباد ڈویژن کے 9 اضلاع اور کراچی ڈویژن کے 7 اضلاع کی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

 الیکشن کمشنر سندھ کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز سے لی گئی رپورٹ بھی الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھیج دی گئی۔

ذرائع کے مطابق بیشتر ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ ، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرےگا ۔

خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی سمیت کئی شہروں میں 28 اگست کو پولنگ ہونا ہے۔ اس سے قبل بھی بلدیاتی انتخابات بارشوں کے باعث ملتوی کیےگئے تھے۔

مزید خبریں :