23 اگست ، 2022
کراچی: سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنےکے لیے خط لکھ دیا۔
سندھ حکومت کی جانب سے بارشوں کے پیش نظر الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ کر بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
خط میں سندھ حکومت کی جانب سے درخواست کی گئی ہےکہ کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں بلدیاتی انتخاب ملتوی کیےجائیں۔
سندھ حکومت کا کہنا ہےکہ اس وقت بلدیاتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ کرانا ممکن نہیں، محکمہ موسمیات نے سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، اس وقت سندھ حکومت، انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے مختلف اضلاع میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں، آئی جی سندھ کے مطابق اس صورت حال میں پولیس اہل کاروں کو متاثرہ اضلاع سے واپس بلانا مشکل ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورت حال میں الیکشن کے معاملات میں سکیورٹی فراہم کرنا ممکن نہیں ہے، بلدیاتی انتخابات مؤخر کیے جائیں، الیکشن کمیشن انتخابات کے دوسرے مرحلے کے لیے نئی تاریخ پر غور کرے۔
خیال رہے کہ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں کراچی سمیت کئی شہروں میں 28 اگست کو پولنگ ہونا ہے، اس سے قبل بھی بلدیاتی انتخابات بارشوں کے باعث ملتوی کیےگئے تھے۔
دوسری جانب صوبائی الیکشن کمیشن نے ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ الیکشن کمیشن کو بھیج دی ہے، ذرائع کے مطابق بیشتر ڈپٹی کمشنرز نے الیکشن ملتوی کرنےکی سفارش کی ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہےکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان ڈپٹی کمشنرز کی رپورٹ ، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلےکے حوالے سے حتمی فیصلہ کرےگا ۔