29 اگست ، 2022
کراچی: عدالت نے عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کرانے کی درخواست پر مرحوم کے اہلخانہ کو درخواست کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ میں عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے عبدالاحد ایڈووکیٹ کی درخواست کی سماعت ہوئی جس میں عامر لیاقت کے ورثا کی جانب سے ضیاء اعوان ایڈوکیٹ نے وکالت نامہ جمع کرادیا۔
عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار،عامر لیاقت کے ورثا کو درخواست کی نقول فراہم کرے۔
درخواست گزار نے کہا کہ سیشن عدالت نے پوسٹ مارٹم کرانے سے متعلق درخواست مسترد کی ہے، ایس ایچ او نے پوسٹ مارٹم کرانے کی سفارش کی تھی جس کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا تھا۔
عبدالاحد ایڈووکیٹ نے کہا کہ پولیس بھی چاہتی ہے کہ عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم ہو۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 12 ستمبر تک ملتوی کردی۔