27 ستمبر ، 2022
واٹس ایپ میں ایک نئے فیچر کو متعارف کرایا گیا ہے جو صارفین کے لیے اس ایپ میں آڈیو یا ویڈیو کالز کا حصہ بننا آسان کر دے گا۔
کال لنکس نامی فیچر سے صارفین اپنے جاننے والوں کو آڈیو کال کے لیے مدعو کرسکیں گے۔
نام سے ہی عندیہ مل جاتا ہے کہ آپ کو ایک کال کا لنک بنانا ہوگا اور ان افراد سے شیئر کرنا ہوگا جن سے بات کرنا چاہتے ہیں۔
جن افراد کو یہ لنک بھیجا جائے گا وہ اس پر کلک کرکے کال کا حصہ بن جائیں گے۔
درحقیقت اس سے ان افراد کو بھی کال کے لیے مدعو کیا جاسکتا ہے جو آپ کے کانٹیکٹس میں شامل نہیں، بس ان کا واٹس ایپ ممبر ہونا ضروری ہوگا۔
چونکہ واٹس ایپ دنیا کی سب سے بڑی میسجنگ ایپ ہے تو یہ فیچر صارفین کے لیے کافی کارآمد ثابت ہوگا کیونکہ ان کے لیے کسی کال کا حصہ بننا بہت آسان ہوجائے گا۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ کے مطابق اس فیچر کو بتدریج صارفین کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے تو ہوسکتا ہے کہ آپ کے پاس پہنچنے میں چند دن یا ہفتے لگ جائیں۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ واٹس ایپ کی جانب سے 32 افراد کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپٹڈ گروپ ویڈیو کال فیچر کی آزمائش بھی کی جارہی ہے۔
تاہم اس بارے میں انہوں نے زیادہ تفصیلات نہیں بتائیں۔