ناسا نے سیارچے سے ڈارٹ مشن کے ٹکرانے کی اولین تصاویر جاری کردیں

اس ٹکراؤ کی تصاویر / فوٹو بشکریہ ناسا
اس ٹکراؤ کی تصاویر / فوٹو بشکریہ ناسا

امریکی خلائی ادارے ناسا نے تجرباتی ڈارٹ مشن کی ڈیمورفس سے ٹکرانے کی اولین تفصیلی تصاویر جاری کردی ہیں۔

ڈارٹ مشن 26 اور 27 ستمبر کی درمیانی شب ڈیمورفس سیارچے سے ٹکرایا تھا۔

ناسا نے اس ٹکراؤ کی جو تصاویر جاری کی ہیں وہ جیمز ویب اور ہبل اسپیس ٹیلی اسکوپس نے کھینچی ہیں۔

32 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کے ڈارٹ مشن کی یہ تصاویر رنگین ٹائم لیپس اینیمیشنز پر مبنی ہیں جس میں اسپیس کرافٹ کے سیارچے سے ٹکراؤ اور اس کے بعد پھیلنے والی روشنی کو دکھایا گیا ہے۔

ناسا کی ویب سائٹ میں اس حوالے سے ٹکراؤ سے پہلے اور بعد کی تصاویر کو پوسٹ کیا گیا ہے۔

ناسا نے بتایا کہ یہ پہلی بار ہے جب جیمز ویب اور ہبل ٹیلی اسکوپس نے بیک وقت ایک ہی جگہ کی تصاویر کو کھینچا ہے۔

اس ٹکراؤ کے بعد سائنسدانوں کی جانب سے سیارچے کے مدار اور رفتار پر نظر رکھی جارہی ہے جبکہ جیمز ویب کے انفراریڈ انسٹرومنٹ کے ڈیٹا کا تجزیہ بھی کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ نومبر 2021 میں روانہ کیے گئے مشن کا مقصد ٹکرانے کے بعد اس سیارچے کے مدار کے راستے میں معمولی تبدیلی لانا ہے۔

یہ پہلی بار ہے جب انسانوں کی جانب سے ایک گردش کرتے خلائی سیارچے کو مدار سے ہٹانے کی کوشش کی گئی ہے تاکہ مستقبل میں زمین کو کسی بڑے سیارچے کے ٹکراؤ سے بچایا جاسکے۔

یہ تجربہ کس حد تک کامیاب ہوگا اس کا فیصلہ تو آنے والے دنوں یا ہفتوں میں ہوگا مگر ناسا کی جانب سے ٹکراؤ کو کامیاب قرار دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :