10 اکتوبر ، 2022
ایپل نے ستمبر میں آئی فون 14 سیریز کو متعارف کرایا تھا جو اب لگ بھگ دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہے۔
اس سیریز کے فونز میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرائے گئے جن میں سے ایک کریش ڈیٹیکشن بھی شامل ہے۔
اس فیچر کے تحت اگر کسی گاڑی کا حادثہ ہوتا ہے تو آئی فون کی جانب سے امداد کے لیے ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کیا جاتا ہے۔
مگر اس فیچر کا ایک عجیب اثر سامنا آیا ہے اور یہ رولر کوسٹر رائیڈز کے دوران بھی 911 پر کال کرکے امداد طلب کررہا ہے۔
وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکا میں امیوزمنٹ پارکس کی جانب متعدد امدادی ٹیموں کو بھیجا گیا کیونکہ کریش ڈیٹیکشن فیچر کو محسوس ہوتا ہے کہ رولر کوسٹر رائیڈ کے چکر ایک ایمرجنسی صورتحال ہے۔
خیال رہے کہ اس فیچر کے لیے ایپل نے متعدد سنسرز کو آئی فون 14 سیریز میں نصب کیا ہے جو کسی حادثے پر ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کرتے ہیں۔
جب آئی فون کو حادثے کا احساس ہوتا ہے تو وہ ایک الرٹ جاری کرتا ہے اور اگر الرٹ کو بند نہ کیا جائے تو فون 20 سیکنڈ بعد ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کرتا ہے اور جائے حادثہ سے آگاہ کرتا ہے۔
اور ایسا ہی ایپل کے نئے آئی فونز نے حالیہ دنوں میں کئی بار کیا مگر غلط موقع پر۔
رپورٹ میں ایک ٹوئٹ بھی شیئر کی گئی جو اس وقت کی ہے جب آئی فون 14 کا مالک رولر کوسٹر رائیڈ سے لطف اندوز ہورہا تھا۔
امریکا بھر کے تفریحی پارکس میں آئی فون صارفین کو اس مسئلے کا سامنا ہوا ہے۔
خیال رہے کہ یہ فیچر فی الحال مخصوص ممالک جیسے امریکا میں ہی صارفین کو دستیاب ہے، ورنہ دیگر ممالک میں بھی اس طرح کی رپورٹس اب تک سامنے آچکی ہوتیں۔