16 اکتوبر ، 2022
پشاور میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے بعض رہنماؤں نے سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کی تصاویر شیئر کر دیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما محب اللہ خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپر کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ عمران خان کے نشان پر ٹھپہ لگا رہے ہیں۔
ترجمان کے پی الیکشن کمیشن سہیل احمد کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، سوشل میڈیا پر بیلٹ پیپرز کی تصاویر پوسٹ کرنے کے معاملے کا نوٹس لے لیا گیا ہے، معاملے کی تحقیقات کے بعد قانونی کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب ترجمان کے پی حکومت بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی طرف سے بھی بیلٹ پیپر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہیں، خالی بیلٹ پیپر کی تصویر شیئر کرنا کوئی قانونی جرم نہیں ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ ووٹرز کو کنفیوژ کرنے کے لیے بلے کے نشان سے مماثلت رکھنے والے نشانات بیلٹ پیپرز پر چھاپے گئے، اگر ہمارے لوگوں نے تصویر شیئر کی ہے تو اس کا مقصد لوگوں کو معلومات فراہم کرنا ہے۔
خیال رہے کہ آج پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں قومی اسمبلی کی 8 اور پنجاب اسمبلی کی 3 نشستوں پر پولنگ کا عمل جاری ہے۔