24 اکتوبر ، 2022
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے 16 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کی 2 نشستوں پرکامیاب امیدواروں کی جیت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے تاہم عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن روک دیا گیا، جس کی وجہ اب سامنے آگئی ہے۔
چیف الیکشن کمشنرسکندرسلطان راجہ کی زیرصدارت ہونے والے الیکشن کمیشن کے اجلاس میں این اے237 کراچی سے پیپلزپارٹی کے عبدالحکیم بلوچ اور این اے157 ملتان سے پیپلزپارٹی کے علی موسیٰ گیلانی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا تاہم عمران خان کی 6 نشستوں پر کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق انتخابی اخراجات کی تفصیلات نہ بتانے پر عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ عمران خان کو این اے 45 ضلع کرم سے ضمنی الیکشن لڑنےکے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ کیس میں نااہلی پر این اے 95 میانوالی سے عمران خان کی نشست خالی قرار دے دی ہے۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کی این اے 95 میانوالی کی سیٹ کو ڈی نوٹیفائی کردیا جس کے بعد ان کی نشست خالی ہوگئی ہے۔
الیکشن کمیشن نے بتایا کہ عمران خان کی نشست توشہ خانہ ریفرنس میں نااہلی پر خالی قرار دی گئی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں نا اہل قرار دیا تھا اور انہیں کرپٹ پریکٹس کا مرتکب بھی قرار دیا تھا۔