06 نومبر ، 2022
تنزانیہ کے بوکوبا ائیرپورٹ پر اترنے کی کوشش کے دوران مسافر طیارہ جھیل میں گر کر تباہ ہوگیا۔
حکام کے مطابق تنزانیہ کی نجی ہوائی کمپنی پریسجن ائیر کی پرواز کے لیے رجسٹریشن 5H-PWF کا حامل ATR-42-500 طیارہ تنزانیہ کے بوکوبا ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے لیے اپروچ پر تھا کہ علاقے کی وکٹوریہ جھیل میں گرگیا، حادثے کے بعد طیارے کا بیشتر حصہ پانی میں ڈوب گیا۔
حکام کے مطابق ایک مسافر کی لاش نکال لی گئی ہے جبکہ 15 افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، حادثے کا شکار طیارہ 12 سال پرانا تھا جس نے اگست 2010 میں پہلی اڑان بھری تھی۔
مقامی حکام کے مطابق پرواز PW-494 دارالسلام سے بوکوبا پہنچی تھی، ایک اور اطلاع کے مطابق طیارے میں عملے کے علاوہ 43 مسافر سوار تھے جن میں سے 26 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے جو اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ریسکیو کا کام جاری ہے جس میں مقامی ماہی گیروں کی بڑی تعداد اور رضاکار امدادی کام میں حصہ لے رہے ہیں۔