22 نومبر ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کےوائس چیئر مین شاہ محمود قریشی نےکہا ہے کہ عمران خان 26 نومبرکو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
زمان پارک لاہور میں عمران خان کی زیرصدارت پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود نے کہا کہ وزیرآباد حملے کی ایسی ایف آئی آر کاٹی گئی جس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک تینوں نامزد شخصیات اپنے عہدوں پر موجودہیں ہمیں انصاف کی توقع نہیں ،اگر حکومت الیکشن کے لیے سنجیدہ ہے تومذاکرات کے لیے تیار ہیں۔
دوسری جانب شاہ محمود نے وزیردفاع کے دو دو ہاتھ کرنے کے بیان کو غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر دفاع نے چھوٹی بات کی ہے، اس قسم کی دھمیکوں پر حیران ہوں کہ کیا معیار ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے بلاول نے بھی صدر کے بار ے میں ایسا بیان دیا، کیا بلاول کو ایسا بیان زیب دیتاہے ؟ سیاست میں سیاسی انداز میں مقابلہ کرنا چاہیے، حکومت کے بیانات اندرونی گھبراہٹ کے آئینہ دار ہیں۔