22 نومبر ، 2022
انگلینڈ کے ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہونے والے اسپنر ابرار احمد کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہے ۔ اب میرا نام ٹیسٹ اسکواڈ میں آیا ہے تو خوشی بیان سے باہر ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں ابرار احمد کا کہنا تھا کہ رواں سیزن میں جب شروع کے تین چار میچز میں وکٹیں لیں تو ساتھی کھلاڑیوں نے کہنا شروع کر دیا تھا کہ میں اسکواڈ میں آؤں گا، سرفراز احمد بھی بار بار کہتے تھے ، تم اچھا کر رہے ہو تمھارا نام آنے والا ہے، تم کھیلو گے ۔
انہوں نے کہا اسی طرح چیف سلیکٹر محمد وسیم بھی بولنگ کا پوچھتے رہتے تھے کہ کیسی جا رہی ہے ۔ اس طرح مجھے اندازہ ہو گیا تھا کہ مجھے موقع ملنے والا ہے ۔ اب میرا نام آیا ہے تو میں ڈومیسٹک کرکٹ کی طرح انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی اچھی پرفارمنس کے لیے پر امید ہوں۔
ابرار احمد نے کہا جب اسکواڈ میں میرا نام آیا تو چونکہ ماں کے ساتھ الگ ہی لگاؤ ہوتا ہے، اس لیے سب سے پہلے انہیں بتایا ۔
اسپنر نے بتایا کہ شروع میں ٹیپ بال سے فنگر اسپن کرتا تھا ، پھر راشد لطیف اکیڈمی میں آگیا ، شنکیاری مانسہرہ سے تعلق ہے لیکن کرکٹ ساری کراچی میں کھیلی ہے ، میں مینڈس اور مجیب الرحمان کی طرح فنگر اسپن کرتا ہوں ، سنیل نارائن کو بھی دیکھتا ہوں۔
ابرار احمد نے کہا کہ مجھے ساتھی کھلاڑی وائٹ بال کا ایکسپرٹ کہا کرتے تھے ، لیکن میں ساتھی کھلاڑیوں کو کہتا مجھے ریڈ بال میں آنے دو مجھے روکنا مشکل ہو گا ، اور پھر میں نے ثابت کیا کہ مجھے روکنا مشکل ہے ۔ انگلینڈ کے خلاف بھی اسی طرح پرفارم کروں گا جیسے ڈومیسٹک میں کر رہا ہوں ۔
خیال رہے کہ ابرار احمد رواں سیزن میں قائد اعظم کے سات میچز میں 43 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
سندھ کی نمائندگی کرنے والے ابرار احمد کی بہترین بولنگ 61 رنز دے کر 6 وکٹیں ہیں وہ رواں سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں ۔