پاکستان
Time 02 دسمبر ، 2022

جنگ اور جیو گروپ کے صدر عمران اسلم انتقال کر گئے

جنگ اور جیو گروپ کے صدر عمران اسلم انتقال کر گئے۔

عمران اسلم کئی روزسے علیل تھے اور مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کی عمر 70 برس تھی۔

عمران اسلم 1952 کو بھارت کے شہر مدراس میں پیدا ہوئے اور انہوں نے 1970 کی دہائی میں لندن سے تعلیم حاصل کی۔

عمران اسلم کا صحافتی کیریئر بہت ہی شاندار رہا، وہ جیو لانچ کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے اور جیونیوز، جیو انٹرٹینمنٹ، جیو سپر بھی عمران اسلم کی رہنمائی میں ہی لانچ ہوئے۔

عمران اسلم پاکستان کے ممتاز اخبار دی نیوز کے بانی ممبر بھی رہے، عمران اسلم دی نیوز میں بطور چیف نیوز ایڈیٹر اور سینئر ایڈیٹر رہے۔ انہوں نے 60 سے زائد کامیاب ڈرامے لکھے جو اسٹیج اور ٹی وی کی زینت بنے۔

عمران اسلم کے بیٹے تیمور کا کہنا ہے کہ والد کی میت کو پی این ایس شفا کے سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے، ان کی نماز جنازہ کل بعد نماز عصر گھر کے احاطے میں ادا کی جائےگی اور تدفین ڈیفنس فیز 8 کے قبرستان میں ہوگی۔

وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جنگ اور جیو گروپ کے صدر عمران اسلم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔

مزید خبریں :