06 دسمبر ، 2022
وزیر اعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی عطا تارڑ نےکہا ہےکہ وزیراعظم آزادکشمیر کی ہمت کیسے ہوئی کہ وزیراعظم شہباز شریف سے تکرارکریں، اگرہمیں آج اجازت دیں تو تنویر الیاس اسلام آباد میں داخل نہ ہوسکیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ آزاد کشمیر کے وزیر اعظم پر برہم ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم آزادکشمیرکو ڈوب مرنا چاہیے، آپ وزیراعظم کو پریشر میں لا کر اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی اور شاپنگ مال کا این او سی لینا چاہتے تھے۔
عطا تارڑ نے الزام لگایا کہ تنویر الیاس نے عمران نیازی کو رشوت دے کر وزارت عظمٰی خریدی، بنی گالہ میں عمران نیازی اور اہل خانہ نے تنویر الیاس سے نوٹوں کا بیگ وصول کیا، ہماری قیادت آج اجازت دے تو تنویر الیاس اسلام آباد میں داخل نہ ہو سکیں، آپ کی اتنی خلاف ورزیاں ہیں۔
انہوں نے مزیدکہا کہ کشمیر کاز کو جتنا نقصان عمران خان اور ان کی جماعت نے پہنچایا کسی نے نہیں پہنچایا،کل کشمیر کاز کو دھچکا لگا ہے، تنویرالیاس نے سفارت کاروں کی موجودگی میں وزیر اعظم سے تلخ کلامی کی، وہ چاہتے تھےکہ اپنی ہاؤسنگ سوسائٹی کا کا این اوسی حاصل کریں، ہم دباؤ میں آکر ہرگز این او سی جاری نہیں کریں گے۔