23 دسمبر ، 2022
موجودہ عہد میں اسمارٹ فونز کے ڈسپلے زیادہ بڑے ہوچکے ہیں جبکہ متعدد ایسے فیچرز ڈیوائسز میں موجود ہوتے ہیں جن کو بہت زیادہ پاور کی ضرورت ہوتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ لوگوں کو دن میں ایک سے زیادہ بار فون کو چارج کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
کسی فون کی بیٹری لائف جلد ختم ہونے کی متعدد وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسے برائٹ اسکرین، تیز پراسیسر، پس منظر میں کام کرنے والی ایپس اور تیزرفتار انٹرنیٹ کنکشن وغیرہ۔
مگر اچھی بات یہ ہے کہ آپ کے فون میں ہی چند فیچرز ایسے چھپے ہوتے ہیں جن سے ایک بار چارج ہونے کے بعد بیٹری کو زیادہ دیر تک استعمال کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔
ان فیچرز یا ٹپس کے بارے میں جان کر آپ اپنے فون کی بیٹری لائف کو بہتر بناسکتے ہیں۔
اگر آپ کسی ایسی جگہ موجود ہیں جہاں فون کو چارج کرنا ممکن نہیں اور بیٹری کو زیادہ وقت تک چلانا چاہتے ہیں تو ڈیوائس کے پاور سیونگ موڈ کو ٹرن آن کردیں۔
ایسا کرنے سے فون خودکار طور پر ایسے فنکشن بند کردے گا جو بیٹری لائف کو جلد ختم کرتے ہیں۔
لگ بھگ تمام اینڈرائیڈ فون میں سیٹنگز میں جاکر بیٹری کے آپشن میں جاکر پاور سیونگ موڈ کو آن کیا جاسکتا ہے۔
اسمارٹ فونز کے ڈسپلے اب کافی بڑے ہوتے ہیں اور ان کی روشنی بیٹری کو زیادہ تیزی سے ختم کرتی ہے۔
فون برائٹنس کو کم یا زیادہ کرنے کا طریقہ تو لگ بھگ سب کو ہی معلوم ہوتا ہے تو اسے بتانے کی ضرورت نہیں البتہ آٹو برائٹنس کو استعمال کرنے سے گریز کریں کیونکہ اس سیٹنگ سے بیٹری کی زیادہ پاور خرچ ہوتی ہے۔
آل ویز آن ڈسپلے کا فیچر اینڈرائیڈ فونز میں کافی عرصے سے دستیاب ہے جس سے وقت اور تاریخ جیسی بنیادی تفصیلات ہر وقت اسکرین پر دیکھی جاسکتی ہیں۔
یہ فیچر بھی بیٹری لائف کچھ کم کردیتا ہے تو فون کی سیٹنگز میں لاک اسکرین پر جاکر اسے ڈس ایبل کردیں۔
فون کی اسکرین جتنی زیادہ دیر تک آن رہے گی بیٹری لائف اتنی زیادہ استعمال ہوگی۔
آپ فون سیٹنگز میں جاکر اس کا وقت کم از کم کرسکتے ہیں عام طور پر یہ دورانیہ 15 سیکنڈ سے 10 منٹ تک ہوتا ہے، تو ڈسپلے سیٹنگز میں جاکر اسے 15 سیکنڈ کردیں۔
اگر آپ نے لوکیشن، وائی فائی اور بلیو ٹوتھ وغیرہ کو ٹرن آن کیا ہوا ہے اور فون استعمال نہیں کررہے تو بھی ان سروسز کے سگنلز کے باعث ڈیوائس کی بیٹری پاور متاثر ہوتی ہے۔
اگر آپ بیٹری کو زیادہ سے زیادہ چلانا چاہتے ہیں تو لوکیشن، موبائل ڈیٹا اور بلیوٹوتھ کو ٹرن آف کردیں، اسی طرح وائی فائی کو بند کرنے سے بھی بیٹری لائف کو کچھ حد تک بڑھانا ممکن ہوجاتا ہے۔
مختلف ایپس کو آپ استعمال نہ بھی کررہے ہوں تو بھی وہ مسلسل پس منظر میں کام کرتی رہتی ہیں، جس سے انٹرنیٹ ڈیٹا اور بیٹری لائف پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
فون سیٹنگز میں بیٹری کے آپشن میں جاکر آپ ان ایپس کو تلاش کرکے روک سکتے ہیں۔
اگر آپ نے وائس اسسٹنٹ کو ایکٹیویٹ کیا ہوا ہے تو فون مخصوص لفظ سننے کے لیے ہر وقت الرٹ رہتا ہے جس کے لیے وہ بیٹری لائف کو استعمال کرتا ہے۔
ان وائس اسسٹنٹس کو ڈس ایبل کرکے آپ بیٹری لائف کو کچھ بہتر بناسکتے ہیں۔
جب بھی آپریٹنگ سسٹم کے لیے اپ ڈیٹس دستیاب ہوں تو انہیں انسٹال کرنا مت بھولیں کیونکہ کمپنیوں کی جانب سے ان اپ ڈیٹس سے سافٹ وئیر کے مسائل حل کرنے کے ساتھ ساتھ پاور منیجمنٹ کو بھی بہتر کیا جاتا ہے۔
پش نوٹیفکیشنز یعنی ہر ایپ کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹیفکیشن سے بھی بیٹری لائف متاثر ہوتی ہے۔
اینڈرائیڈ فون کی سیٹنگز میں نوٹیفکیشنز کے آپشن میں جاکر ان کو روکنا ممکن ہے جس سے بھی بیٹری لائف کچھ بہتر ہوجاتی ہے۔
زیادہ یا کم درجہ حرارت سے بھی بیٹری لائف متاثر ہوتی ہے بلکہ مستقل نقصان پہنچ سکتا ہے، تو کوشش کریں کہ فون کو کمرے کے درجہ حرارت میں رکھیں، جبکہ کبھی بھی سورج کی روشنی میں استعمال نہ کریں۔